(24 نیوز)پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے 14ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 42 رنز سے شکست دےدی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیئے گئے 178 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 135رنز بنائے، محمد نبی47 رنز بناکر نمایاں رہے۔
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنرز نے اننگ کا شاندار آغاز کیا ، تاہم 66 کے اسکور پر ایلکس ہیلز 30 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔پال سٹرلنگ 30 گیندوں پر 39 رنز بناکر محمد نبی کی بول پر کلین بولڈ ہوگئے، شاداب خان نے اپنی بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے 19 گیندوں پر 34رنز اسکور کیے اور بابر اعظم کے عمدہ کیچ پر پویلین کی جانب روانہ ہوئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے آصف علی آج کے میچ میں بھی کوئی خاطر خواہ کھیل پیش نہ کر سکے اور وہ بھی بابر اعظم کے کیچ کی بدولت پویلین کی طرف لوٹ گئے۔اننگز کی آخری گیند پر اعظم خان آؤٹ ہوئے اس طرح اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنائے۔کراچی کنگز کے کرس جورڈن اور عثمان شنواری بالترتیب دو اور ایک وکٹ لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ گزشتہ میچ میں تھوڑی غلطیاں ہوئیں جن پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔ ان کاکہناتھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
دوسری جانب کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ ایونٹ میں اگلے میچوں میں کامیابی حاصل کرسکیں ، ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی میں کھیلے جانے والے ایونٹ میں زیادہ تر ٹیموں نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور مخالف ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی، اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے روایت کے برعکس فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا کیسز میں اضافہ۔۔۔تعلیمی ادارے مزید ایک ہفتے کیلئے بند