ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار سے زائد ہوگئی

Feb 06, 2023 | 08:09:AM
ترکیہ اور شام میں شدید زلزلے کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہزار 300 ہوگئی جبکہ ہزاروں افراد زخمی ہیں، کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں
کیپشن: ترکیہ میں زلزلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ویب ڈیسک) ترکیہ اور شام میں شدید زلزلے کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہزارسے زائد ہوگئی جبکہ ہزاروں افراد زخمی ہیں، کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

ترک صدر طیب اردگان نے کہا ہے کہ ترکیہ میں زلزلے سے2 ہزار سے زائد عمارتیں متاثر ہوئیں،زلزلے کے بعد 45 ممالک نے امداد کے لئے پیشکش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ کے بدترین زلزلے سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں، فی الحال زلزلے سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ نہیں لگا سکتے، ہماری پہلی ترجیح ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالنا ہے، 2 ہزار 440 افراد کو اب تک ریسکیو کرلیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق متاثرہ علاقوں میں زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام نے زلزلے سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت ریکڑ اسکیل پر 7.9 اور گہرائی 17.9 تھی۔ زلزلے کا مرکز ترکیہ کے جنوب مشرقی صوبے غازیان کے نردوی کے قریب تھا۔

زلزلے کے شدید جھٹکے اردن، شام ، قبرص اور یونان میں بھی محسوس کیے گئے۔ زلزلے سے ترکی اور شام سمیت دیگر ممالک میں متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ سیکڑوں افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔

حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کا کام جاری ہے۔ زلزلے سے سڑکیں تباہ ہونے اور بارش کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ میں زلزلے سے ہونے والے جانی نقصان پر ترکیہ کی حکومت اور عوام سے اظہار تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی گھڑی میں برادر ملک ترکیہ اور ترک عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان ترکیہ کی ہرممکن مدد کرے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کو یہ جان کر شدید دکھ ہوا ہے کہ جنوبی ترکیہ کے کچھ حصوں میں شدید زلزلہ آیا، زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا نقصان ہوا اور املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا، پاکستانی عوام دکھ کی اس گھڑی میں اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سوگوار خاندانوں کے ساتھ گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا گو ہیں، پاکستان امدادی سرگرمیوں میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے، ہمیں یقین ہے کہ ترک قوم اس قدرتی آفت پر اپنی ہمت اور عزم کے ساتھ قابو پا لے گی۔