(24 نیوز) پاکستان نے ترکیہ میں زلزلے سے جانی نقصان پر اظہار تعزیت کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کو یہ جان کر شدید دکھ ہوا ہے کہ جنوبی ترکیہ کے کچھ حصوں میں شدید زلزلہ آیا، زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا نقصان ہوا اور املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا، پاکستانی عوام دکھ کی اس گھڑی میں اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سوگوار خاندانوں کے ساتھ گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا گو ہیں، پاکستان امدادی سرگرمیوں میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے، ہمیں یقین ہے کہ ترک قوم اس قدرتی آفت پر اپنی ہمت اور عزم کے ساتھ قابو پا لے گی۔
واضح رہے کہ ترکیہ میں 7.8 شدت کے زلزلے سے کئی عمارتیں تباہ ہوگئیں۔
ترک میڈیا کے مطابق زلزلے کے شدید ترین جھٹکے ایک منٹ تک محسوس کیے گئے۔ زلزے کا مرکز ترکیہ سے جنوب میںNurdadi/Gaziantep تھا، جبکہ زلزلے کی گہرائی 17.9 کلومیٹر تھی۔
زلزلے کے سبب خوفزدہ لوگ گھروں سے باہر نکل آئے، زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات سوا 4 بجے آیا، جب بیشتر لوگ سوئے ہوئے تھے۔
زلزلے کے آفٹر شاکس ترکیے کے وسطی علاقوں میں بھی محسوس کئے گئے، جن کی شدت 6.7 ریکارڈ کی گئی، آفٹر شاکس تقریباً 11 منٹ بعد محسوس کئے گئے۔
زلزلے کے جھٹکے قبرص، یونان، اردن اور لبنان میں بھی محسوس کئے گئے