(ویب ڈیسک )بھارتی پولیس نے معروف گلوکارہ سپنا چودھری، اس کے بھائی کرن اور اس کی والدہ کے خلاف جہیز کے مطالبےکےالزام میں ایف آئی آر درج کر لی۔پولیس نےسپنا چودھری، اس کے بھائی کرن اور اس کی ماں کے خلاف سپنا کی بھابھی پر جہیز کے لیے تشدد کرنے پر بھی شکایت درج کر لی ہے۔
گلوکارہ کی بھابی نے الزام لگایا کہ جب اس کے خاندان نے چودھری اور اس کے رشتہ داروں کے مطالبہ کے مطابق جہیزخریدنے میں ناکام رہے تو انہوں نے اسے ہراساں کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔
پلوال کی رہنے والی سپنا چودھری کی بھابھی نے اپنی درخواست میں کہا کہ ان کی شادی 2018 میں کرن سے ہوئی، جو نجف گڑھ، دہلی کی رہنے والے ہیں، شادی کے وقت اس کے گھر والوں نے بڑی مقدار میں سونا دیا تھا اور دہلی کے ایک ہوٹل میں شادی کا اہتمام بھی کیا تھا جس کی قیمت تقریباً 42 لاکھ روپے تھی لیکن پھر بھی انہیں کئی بار جہیز کے لیے ہراساں کیا گیا اور مارا پیٹا گیا۔
شکایت کنندہ نے مزیدبتایا کہ اس کے گھر والوں نے بیٹی کی پیدائش پر 3 لاکھ روپے، چاندی اور نئے کپڑے دیے لیکن سپنا کے گھر والے گاڑی مانگتے رہے۔ جب ان کا مطالبہ پورا نہ ہوا تو انہوں نے اسے تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا اور گزشتہ سال مئی میں اس کے شوہر نے نشے کی حالت میں اسے مارا پیٹا۔ ڈی ایس پی ستندر نےبھارتی میڈیا کو بتایا، "ہم نے ابھی تک اس معاملے میں کوئی گرفتاری نہیں کی ہے اور معاملے کی تفتیش جاری ہے۔"
یاد رہے کہ گلوکارہ اور ڈانسر پر گزشتہ سال نومبر میں دھوکہ دہی کا الزام لگایا گیا تھا کہ 2018 میں ایک تقریب میں پرفارم نہیں کیا تھا جس کے لیے انہیں منتظمین نے پیشگی ادائیگی وصول کر لی تھی ان کے خلاف وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں:معروف بھارتی فلم ساز کا92 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا
واضح رہے کہ سپنا چودھری ہریانہ کا ایک مشہور نام ہے۔اُنہوں نے’ وہ تیری آکھیا کا یو کاجل‘ جیسے مقبول گانوں پر رقص سے شہرت حاصل کی ہے۔ان کی مقبولیت میں اضافہ بگ باس 11 میں انٹری سے ہوا۔اُنہوں نے’ ویرے دی ویڈنگ‘ اور ’نانو کی جانو ‘جیسی فلموں میں آئٹم نمبر بھی کیے ہیں۔