(24 نیوز)مسلم لیگ ن کی چیف آر گنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہم انتظار کر رہے ہیں کہ یہ جیل بھریں اور شروعات زمان پارک سے کریں۔
ملتان میں صحافیوں سےگفتگو کرتے ہوئے مریم نوازکا کہنا تھا کہ ہم نظریں بچھائے بیٹھے ہیں ، آئیں جیل بھریں، فرنٹ لائن پر انہوں نے خواتین کو رکھا ہوا ہے، خود سامنے آئیں۔ قانون اپنا راستہ لےگا ، جو جرائم کیے ان کی سزا بھگتنا پڑے گی، رانا ثنااللہ نے جعلی مقدمے میں 6 ماہ قیدکاٹی، انہیں ابھی کسی نے انگلی نہیں لگائی، یہ دو دن کی قید میں گلے لگ کر رونے لگ گئے ہیں۔
ضرور پڑھیں :شیخ رشید کیخلاف موچکو اور لسبیلہ میں درج مقدمات معطل
رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو 2017 میں ایک اقامہ پر نکالا گیا، پانامہ کیس میں ہفتہ میں پانچ دن پیشی پر ہوتے تھے، ایک دن میں دو دو بار عدالت جاتے، دوسری طرف اقامہ نہیں ہیرے اور فارن فنڈنگ ہے، ناجائز پیسے کے ثبوت بھرے پڑے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج بدنام زمانہ کیس میں بھی وہ عدالت نہیں آتے، ایسی سہولت کیا نواز شریف کو تھی، کیا یہ سہولت مریم کو تھی، سب جانتے ہیں کیسز جھوٹے تھے ہمارے ساتھ انتقام لیا گیا۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت ملتان میں پارٹی کا تنظیمی اجلاس شروع ہوگیا ہے،اجلاس میں خانیوال، لودھراں، وہاڑی اور ملتان کا تنظیمی جائزہ لیا جارہا ہے۔مریم نواز بہاولپور کے بعد اب ملتان ڈویژن کے تنظیمی امور کے جائزے کے لئے ملتان میں ہیں۔
اجلاس میں خانیوال، لودھراں، وہاڑی اور ملتان کے پارٹی کے مقامی صدور، جنرل سیکریٹریز اور دیگر عہدیدارا شریک ہیں،پارٹی کے پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خاں اور دیگر راہنما بھی اجلاس میں شریک ہیں،مریم نواز اجلاس میں پارٹی عہدیداروں سے تجاویز لیں گی،پارٹی کے مختلف شعبوں کو فعال کرنے پر غور ہو گا۔