(علی رامے)وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے صدر اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان کی ملاقات،اے پی این ایس کے ارکان نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کیلئے نیک تمناؤں کااظہارکیا،ملاقات میں اخباری صنعت کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اخباری صنعت کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کی یقین دہانی کراتے ہوئے محکمہ اطلاعات کو اشتہارات کے بقایا جات کی فوری ادائیگی کی ہدایت جاری کر دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ لاہور کے بڑے ہسپتالوں میں ضروری سہولتو ں کی فراہمی کا کام جلد مکمل کرلیاجائے گا،منتخب سرکاری ہسپتالو ں میں 2گھنٹے کے اندر دل کے مریض کی مفت انجیوگرافی ہوگی،جناح ہسپتال میں نیا ایمرجنسی بلاک چند ماہ میں مکمل کرائیں گے،کلمہ چوک او رسمن آباد انڈر پاس کو وقت سے پہلے مکمل کرائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب سے اٹلی ترقیاتی تعاون ادارے کے 13رکنی وفد کی ملاقات,اہم امور پر تبادلہ خیال
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ امن وامان کی صورتحال میں بتدریج بہتری آرہی ہے،50ریسکیورز کو ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی بحالی کیلئے بھیج رہے ہیں،کم وقت میں کم کام ہوں گے مگر ہر کام مثالی کرنے کی کوشش کریں گے۔
اے پی این ایس کے وفد میں صدر سرمد علی، سینئر نائب صدر جمیل اطہر، نائب صدر شہاب زبیری،مجیب الرحمن شامی، خوشنود علی خان،ممبران سید سجاد بخاری، ممتاز اے طاہر، نوید چودھری، محمد وقارالدین، امتنان شاہد، سید ممتاز احمد شاہ، سید محمد منیر جیلانی، عمر مجیب شامی، گوہر زاہد ملک، ہمایوں گلزار، بلال محمود، فرقان ہاشمی شامل تھے۔
صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔