(24نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نےترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، وزیراعظم نے ترکیہ میں زلزلے سے ہونے والی تباہی پر اظہار افسوس کیا۔
وزیراعظم نے ترک صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد رنجیدہ ہیں،غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں۔ آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے بھائی ترکیہ اور اسکے عوام کے ساتھ ہے، زلزلے کی تباہی سے نمٹنے میں پاکستان ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث تباہی کی شدت بڑھ رہی ہے، قدرتی آفات اور موسمیاتی تباہی کسی سرحد، خطے اور مخصوص قوم تک محدود نہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے جاں بحق افراد کی مغفرت ، اہل خانہ کے لئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
ٹیلی فون اور حمایت کرنے پر ترکیہ کے صدر نے وزیراعظم شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا، طیب اردوغان نے کہا کہ آپ کے اور پاکستانی عوام کے جذبات کی قدر کرتا ہوں۔