پی پی امیدوار ذوالفقار علی شاہ پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہیں:شیری رحمٰن
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ میرپور خان کے حلقے پی ایس 46 سے پی پی پی کے امیدوار ذوالفقار علی شاہ پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہیں،الیکشن کمیشن اور نگران صوبائی حکومت فوری کارروائی کرے۔
شیری رحمٰن نے اپنے بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی ذوالفقار علی شاہ کی سلامتی کیلئے دعاگو ہے،پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس کے دفاتر اور امیدواروں پر پورے ملک میں حملے ہو رہے ہیں، اس سے پہلے پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا میں بھی ہم پر حملے کئے گئے ، پیپلز پارٹی امیدواروں کو انتخابات سے نکالنے کیلئے تواتر سے نشانا بنایا جا رہا ہے، ہم وہ جماعت ہیں جسے کارساز جیسے حملے نہیں ڈرا سکے، ہمارے امیدوار اور ووٹرز اس طرح کے ہتھکنڈوں سے نہیں گھبراتے۔
خیال رہے کہ میرپورخاص میں پیپلز پارٹی کے امیدوار برائے سندھ اسمبلی سید ذوالفقار شاہ کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں وہ شدید زخمی ہوگئے تھے،ایس ایس پی نے کہا تھا کہ ذوالفقار شاہ کی گاڑی پر 4 گولیاں ماری گئیں، ایک گولی گاڑی کے شیشے پر لگی، ذوالفقار شاہ کی گردن پر شیشے کے ٹکڑے لگے ہیں۔