(24 نیوز)ملک بھر میں عام انتخابات میں دو روز باقی ،آج رات 12 بجے انتخابی مہم بھی ختم ہوجائے گی ۔اس وقت زیادہ ووٹ حاصل کرنے کی جنگ میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنما اور آزاد امید وار عوام کی توجہ سمیٹنے کے لیے مختلف حربے آزما رہے ہیں۔گزشتہ عام انتخابات میں سب سے زیادہ کس نے ووٹ حاصل کیے؟الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ڈیٹا کے مطابق تفصیلات کچھ یوں ہیں ۔
چوہدری شوکت علی بھٹی،پی ٹی آئی
2018 کے الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدوار چوہدری شوکت علی بھٹی نے حلقہ این اے 87 میں ایک لاکھ 65 ہزار 8 سو 35 (165835) ووٹ حاصل کیے اور ملک بھر سے الیکشن میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔اس بار پی ٹی آئی کو انتخابی نشان نہیں ملا تو پی ٹی آئی کے امیدوار آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ رہے ہیں ۔
عمران احمد خان نیازی،پی ٹی آئی
2018 میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ ووٹ لینے والے امیدوار اس بار انتخابی دنگل سے باہر ہیں ۔ پی ٹی آئی کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران احمد خان نیازی نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 95 میانوالی سے ایک لاکھ 65 ہزار 5 سو 18 (165518) ووٹ لیے جو کسی بھی امیدوار کی جانب سے دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ ووٹ تھے۔
طاہر صادق ،پی ٹی آئی
تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر طاہر صادق نے حلقہ این اے 56 سے الیکشن 2018 میں حصہ لیا اور ایک لاکھ 64 ہزار 1 سو 78 (164178) ووٹ حاصل کر کے اس فہرست میں تیسرے نمبر پر رہے۔
احسن اقبال چوہدری،پاکستان مسلم لیگ ن
مسلم لیگ ن کے احسن اقبال چوہدری نے حلقہ این اے 78 سے ایک لاکھ 60 ہزار 20 ووٹ (160020) حاصل کیے اور ووٹوں کے اعتبار سے چوتھے کامیاب ترین امیدوار قرار پائے۔
پرویز الٰہی ،مسلم لیگ ق
پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سابق رہنما جو اب پی ٹی آئی کے مرکزی صدر ہیں، چوہدری پرویز الٰہی نے گزشتہ عام انتخابات میں حلقہ این اے 65 سے حصہ لیا جہاں سے انہوں نے ایک لاکھ 58 ہزار 4 سو 77 (158477) ووٹ حاصل کیے اور پانچویں نمبر پر رہے۔
امجد علی خان ،پی ٹی آئی
امجد علی خان نے 2018 کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر این اے 96 سے ایک لاکھ 58 ہزار 1 سو 191 (158191) ووٹ حاصل کیے اور چھٹے کامیاب ترین امیدوار قرار پائے۔
ذوالفقار علی خان ،پی ٹی آئی
پاکستان تحریک انصاف کے ذوالفقار علی خان نے حلقہ این اے 64 سے ایک لاکھ 55 ہزار 5 سو 98 ننانوے (155598) ووٹ حاصل کر کے ساتویں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے میدوار رہے۔
شمس النساء ،پیپلزپارٹی
پاکستان پیپلز پارٹی کی خاتون رہنما شمس النساء نے قومی اسمبلی حلقہ این اے 232 سے انتخابات میں حصہ لیا اور ایک لاکھ 52 ہزار 700 (152700) ووٹ حاصل کیے اور آٹھویں نمبر پر رہیں۔
ناصر اقبال بوسال ،مسلم لیگ ن
مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر ناصر اقبال بوسال نے حلقہ این اے 86 میں ایک لاکھ 47 ہزار 3 سو 94 (147394) ووٹ حاصل کیے اور نویں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے امیدوار کے طور پر سامنے آئے۔
حمزہ شہباز شریف ،مسلم لیگ ن
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز شریف نے حلقہ این اے 124 سے ایک لاکھ 46 ہزار 3 سو 6 (146306) ووٹ حاصل کیے اور عام انتخابات میں زیادہ ووٹ لینے والے امیدواروں میں دسویں نمبر پر رہے۔
ضرور پڑھیں:لاہور میں سیاسی پارہ ہائی ،کون کس کے مدمقابل،کون میدان مارے گا؟