(علی رامے) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ الیکشن ڈے پر انٹر نیٹ سروس اورموبائل سروس ہر جگہ چلتی رہے گی، کسی بھی جگہ سروس بند نہیں ہو گی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبے میں الیکشن انتظامات کے سلسلے میں خصوصی اجلاس ہوا، چیف سیکرٹری پنجاب، انسپکٹر جنرل پولیس،صوبائی الیکشن کمشنر،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سیکرٹری داخلہ، سیکرٹریزلوکل گورنمنٹ،ٹرانسپورٹ، خزانہ،سی سی پی او، ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی،کمشنر لاہور،ڈپٹی کمشنراور متعلقہ حکام ہوئے جبکہ پنجاب بھر کے ڈویژنل کمشنرز،آر پی اوز،ڈی پی اوز اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: بینکوں سے لین دین کرنے والوں کیلئے اہم خبر
انسپکٹر جنرل پولیس نے پنجاب بھر میں پولنگ ڈے پر کئے گئے سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز نے وزیراعلی محسن نقوی اور صوبائی الیکشن کمشنر کو پولنگ ڈے پر انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے کہا کہ الیکشن ڈے پر انٹر نیٹ سروس اورموبائل سروس ہر جگہ چلتی رہے گی، کسی جگہ بھی انٹرنیٹ وموبائل سروس بند نہیں ہو گی، 9فروری صبح فجر کے بعد فوری طورپر شہروں کی صفائی شروع کر دی جائے، 9فروری کو تمام علاقوں سے بینرز اورپوسٹرز ہٹا ئے جائیں، متعلقہ سیکرٹریزبینرز،پوسٹرز ہٹانے کے عمل کی نگرانی کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 9 فروری کی شام کو تمام علاقوں کو کلیئر کرنے کے بعد رپورٹ دی جائے، 9 فروری کی صبح سے کام شروع کر دیا جائے، تمام شہرصاف ستھرے چاہئیں، چیف سیکرٹری،آئی جی اور صوبائی الیکشن کمشنر سے رابطہ رکھا جائے، ضلعی انتظامی افسران شفاف الیکشن کیلئے فیلڈ میں اپنے فرائض سرانجام دیں۔
محسن نقوی نے پولنگ سیٹشنز پر 32ہزار سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کے کام کو آج رات 12بجے تک ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے سی سی ٹی وی کیمرے خرید کر 1 ارب روپے کی بچت کی ہے جس پر پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے، سیکیورٹی انتظامات اور نفری، ایس او پیز کے مطابق ہونے چاہیے، الیکشن کمشن کے ضابطہ اخلاق پر پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلٰی محسن نقوی نے کنٹرول رومز کو فعال کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شکایت پر فوری کارروائی کرکے ازالے کا مؤثر میکانزم بنایا جائے، پرامن اور آزادانہ انتخابات قومی ذمہ داری ہے، آپ سب نے ایک ٹیم کے طور پر یہ ذمہ داری ادا کرنی ہے۔