(اویس کیانی) قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی ،وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی حسن خیل، ضلع شمالی وزیرستان میں فتنتہ الخوارج کے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔ انہوں نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے لانس نائیک محمد ابراہیم کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔
قائمقام صدر سید یوسف رضا گیلانی کا شمالی وزیرستان میں آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 12 خوارج جہنم واصل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری رہیں گی۔ قائمقام صدر نے لانس نائیک محمد ابراہیم شہید کی بہادری اور جذبہ حب الوطنی کو سراہا اور شہید کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی، صبر جمیل کی دعا کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آپریشن میں 12 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پوری قوم شہید لانس نائیک محمد ابراہیم کو سلام پیش کرتی ہے، انہوں نے لانس نائیک محمد ابراہیم کو خراج عقیدت اور شہید کی بلندی درجات کی دعاء اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر کامیاب آپریشن کرکے 12 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔ سکیورٹی فورسز نے بروقت آپریشن کرکے خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا ۔ 12 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قیام امن کیلئے سکیورٹی فورسز کے بروقت اقدامات اور کارروائیاں لائق تحسین ہیں۔خوارجی دہشتگردوں کی سرکوبی کے لئے قوم یکسو اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کا شہید لانس نائیک محمد ابراہیم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں:KIAسپورٹیج ایل پانچ رنگوں میں جدید اور پرکشش کار متعارف، قیمت سامنے آ گئی