(بابر شہزاد تُرک) وفاقی حکومت کی جانب سے بیوروکریٹس کے تقرر و تبادلوں اور ریٹائرمنٹ کے احکامات جاری کئے گئے ہیں، وزیراعظم نے سابق چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا حکومت اور وفاقی حکومت کے مختلف اہم عہدوں پر خدمات سر انجام دینے والے سینئر بیوروکریٹ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، گریڈ 22 کے او ایس ڈی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کیپٹن (ر) منیر اعظم کی قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی درخواست منظور کر لی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے کیپٹن (ر) منیر اعظم کی گزشتہ ماہ 31 جنوری 2025 سے ریٹائرمنٹ کی درخواست منظور کر لی ہے، دریں اثناء کیپٹن (ر) منیر اعظم کو چیئرمین خیبر پختونخوا پبلک سروس کمیشن مقرر کیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق تقرری 3 سال کی مدت کیلئے کی گئی ہے، علاوه ازیں وفاقی حکومت نے چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ کا اضافی چارج جنرل منیجر (انجینئرنگ) کراچی پورٹ ٹرسٹ ریئر ایڈمرل حبیب الرحمان کو تفویض کیا گیا ہے، اضافی چارج 2 ماہ یا مستقل چیئرمین کی تقرری تک (جو بھی پہلے ہو) تفویض کیا گیا ہے، مزید برآں او ایس ڈی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سلمان غنی کو جوائنٹ سیکریٹری اوورسیز پاکستانیز ڈویژن تعینات کیا گیا ہے جبکہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، گریڈ 18 کے عبداللہ خان کا اسلام آباد انتظامیہ سے خیبرپختونخوا حکومت کیا گیا تبادلہ منسوخ کر کے ان کی خدمات پنجاب حکومت کے سپرد کر دی گئی ہیں جبکہ سیکشن افسر عرفان احمد میمن کا ریاست و سرحدی امور ڈویژن سے نیشنل فوڈ سیکیورٹی ڈویژن اور سیکشن افسر محمد حسن کا اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے خزانہ ڈویژن تبادلہ کیا گیا ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام احکامات کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:KIAسپورٹیج ایل پانچ رنگوں میں جدید اور پرکشش کار متعارف، قیمت سامنے آ گئی