اے آر رحمان کی آج سالگرہ، مداحوں کی مبارکبادیں

Jan 06, 2021 | 10:02:AM

(24 نیوز)بھارت کے معروف موسیقار و  گلوکار اللہ رکھا رحمان جنہیں عام طور پر اے آر رحمان کے طور پر جانا جاتا ہے آج ان کی 55ویں سالگرہ ہے۔ دنیا بھر سے ان کے لاکھوں مداحوں نے اپنے  پیغامات میں انکی سالگرہ پر مبارکباد اور نیک خواہشات  کا اظہار کیا ہے۔ وہ  جنوبی بھارت کے شہر چنائی  میں6 جنوری1967 کو ایک متوسط گھرانے میں پیدا ہوئے۔

تفیصلات کےمطابق اے آر رحمان کے والد آر کے شنکر کیرالہ فلم انڈسٹری میں تامل اور دیگر زبان کی فلموں میں موسیقار تھے۔رحمان بھی اپنے والد کی طرح ہی موسیقار بننا چاہتےتھے۔موسیقی کی جانب ان کے بڑھتے رجحان کو دیکھ ان کے والد نے انہیں اس راہ پر چلنے کے لئے حوصلہ افزائی کی اور انہیں موسیقی کی تعلیم دینے لگے۔ابھی وہ صرف نو برس کے ہی تھے جب ان کے والد کا انتقال ہو گیا۔ان کی والدہ نے اپنے شوہر کے موسیقی کے آّلات کو کرایہ پر دے کر گزر بسر شروع کی۔گھر کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے رحمان نے کم عمری میں ہی کام کرنا شروع کر دیا۔اس لئے انہوں نے پہلے پیانو اور پھرگٹار بجانا سیکھا اور چنائی کے چند نوجوانوں کے ساتھ مل کر انہوں نے اپنا ایک مقامی بینڈ  بنایا۔

اے آر رحمان کو تیلگو میوزک ڈائریکٹر کے ساتھ ورلڈ ٹور پر جانے کا موقع ملا۔یہاں ان کا فن دنیا کے سامنے آیا۔انہیں آکسفورڈ کی ٹرینیٹی کالج کی سکالر شپ ملی جس نے رحمان کی موسیقی کی تشنگی کو پورا کرنے کا بھر پور موقع فراہم کیا اور انہوں نے موسیقی میں گریجویشن کیا۔اے آر رحمان نے بھارتی موسیقی کو بین الاقوامی سطح پر خصوصی شناخت دلائی ہے۔ فلمساز منی رتنم نے انکے ہنر کو پہچانا اور اپنی فلم ’روجا‘ میں رحمان کو موسیقی دینے کا موقع دیا۔ پہلی ہی فلم پر انہیں نیشنل ایوارڈ ملا۔

اس کے بعد رحمان نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ ان کی فلم ’دل سے ‘ کے گیتوں نے ہنگامہ مچا دیا ۔ رنگیلا، تال، سودیس، رنگ دے بسنتی، گرو اور جودھا اکبر وہ چند فلمیں ہیں جن کی موسیقی نے رحمان کو بالی وڈ میں بلندیوں پر پہنچا دیا۔ انہوں نے ہالی وڈ فلم ’لارڈز آف دی رنگز‘ اور پھر براڈ وے سٹیج ڈراما ’ بمبئی ڈریمز‘ کا میوزک دیا۔ رحمان نے اپنا جدید آلات سے لیس سٹوڈیو بنایا جو اس وقت ایشیا کا سب سے بڑا سٹوڈیو مانا جاتا ہے۔ رحمان کی موسیقی میں کبھی مغربی دھن سنائی دیتی ہے۔رحمن صوفی ازم پر یقین رکھتے ہیں اور اسی لئے وہ مزاروں پر حاضری دینا نہیں بھولتے۔ وہ پاکستانی موسیقار اور قوال نصرت فتح علی خان کے مرید ہیں۔ 

اے آر رحمان کو بافٹا،گولڈن گلوب، سیٹیلائٹ اور کرٹکس چوائس ایوارڈز مل چکے ہیں جبکہ چار نیشنل ایوارڈز اور سات فلم فیئر ایوارڈز ملے ہیں۔ 2009 میں ان کو سلم ڈاگ فلم کے لیے بہترین موسیقی دینے پر اکیڈیمی ایوارڈز سے نوازا گیا۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے بھارتی موسیقار تھے۔

مزیدخبریں