(24نیوز) ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور تیز ہوائیں چلنے لگیں جبکہ کشمیر سمیت پہاڑی علاقوں میں تین روز سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ استور، مری اور گلیات میں روئی کے گالوں سے نظارے حسین ہو گئے.
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت میدانی علاقوں میں 2 دن سےبارش سے جاڑے کی شدت بڑھ گئی۔ سیالکوٹ، فیصل آباد، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، حافظ آباد میں بادل کھل کر برسے، پنڈی بھٹیاں اور صفدر آباد میں موسلادھار بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی۔ ظفر وال، چونیاں، خانقاہ ڈوگراں، اوکاڑہ میں بھی ابرکرم برسا، فیصل آباد میں سیوریج سسٹم فیل ہونے سے گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔
استور میں ہر شے برف سے ڈھک گئی۔ مری اور گلیات میں برفباری سے نظارے مزید نکھر گئے۔ سیاحوں کی بڑی تعداد ملکہ کوہسار مری پہنچ گئی۔ بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ میدانی علاقوں میں دھند کی پیش گوئی کی گئی ہے۔