وزیراعظم کی آمد تک دھرنا جاری تک رہے گا،وزیراعلیٰ بلوچستان اورمظاہرین کے درمیان مذاکرات ناکام

Jan 06, 2021 | 15:36:PM

(24 نیوز)وزیراعلیٰ بلوچستان اوردھرناشرکا کے درمیان مذاکرات ناکام ہو گئے،دھرناشرکانے میتوں کی تدفین سے انکارکردیا، مظاہرین کاکہنا ہے کہ وزیراعظم کے آنے تک دھرناجاری رہے گا۔
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ہزارہ برادری کا دھرنا جاری ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور وفاقی وزیر علی زیدی اور وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری بھی شرکا کو منا نہ سکے۔
یاد رہے کہ بلوچستان کے مچھ میں مسلح افراد نے دس کان کنوں کو قتل کر دیا تھا جس کے بعد ان کے لواحقین اور ہزارہ برادری کے دیگر افراد نے کوئٹہ میں میتوں کے ہمراہ دھرنا دے رکھا ہے۔
حکومت کی جانب سے یہ دھرنا ختم کروانے کیلئے کوششیں جاری ہیں تاہم دھرنے کے شرکا وزیر اعظم سے ملاقات کے بغیر احتجاج ختم کرنے پر آمادہ دکھائی نہیں دیتے۔
کوئٹہ میں وفاقی وزرا علی زیدی اور زلفی بخاری کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرنے ہوئے بلوچستان کے وزیر اعلی جام کمال نے بھی ہزارہ دھرنے کے شرکا سے درخواست کی تھی کہ وہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کو مرنے والوں کی تدفین سے مشروط نہ کریں۔
دھرنے کے منتظمین میں شامل آغا رضا کا کہنا تھا کہ یہ دھرنا کسی شخص نے اپنی مرضی سے نہیں دیا۔ ہم لوگوں کی آواز ہیں۔ یہ دھرنا لواحقین کے کہنے پر دیا گیا ہے۔ لواحقین اپنی مرضی سے یہ جنازے یہاں لے کر بیٹھے ہیں۔ دیگر مطالبات تو تسلیم ہو گئے لیکن ان کا مطالبہ ہے کہ وزیر اعظم آ کر اعلان کریں گے تو ہی یہ یہاں سے اٹھیں گے۔
مظاہرین سے مذاکرات کرنے کے لیے جانے والے وفاقی علی حیدر زیدی نے کہا کہ ایسے حملوں پاکستان کے دشمن کرواتے ہیں ، ہم جب حکومت میں نہیں تھے تو سنتے تھے بیرونی ہاتھ ہیں، کلبھوشن جیسے لوگ یہیں سے پکڑے گئے تھے۔
دوسری طرف وزیراعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزرا کی دھرنے کے شرکا کو منانے کی کوششیں ناکام ہو گئی ہیں، دھرنے کے شرکا نے شرط رکھتے ہوئے کہا ہے کہ سب سے پہلے وزیراعظم عمران خان کوئٹہ آئیں، جس کے بعد باقی باتیں ہوں گی اور عمران خان کے آنے تک میتیوں کی تدفین نہیں کریں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے مچھ میں ہونے والے دہشت گرد حملے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے ہزارہ خاندانوں سے کہا ہے کہ وہ جلد ان کے پاس آئیں گے تاہم ان سے اپیل ہے کہ وہ میتوں کی تدفین کردیں۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے لکھا کہ میں مچھ میں سفاکانہ دہشت گردی کے حملے میں اپنے پیاروں کو کھو دینے والے ہزارہ خاندانوں کو دوبارہ یقین دلاتا ہوں کہ میں آپ کے دکھ اور مطالبات سے آگاہ ہوں۔
انہوں نے لکھا کہ ہم مستقبل میں اس طرح کے حملوں کو روکنے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں اور جانتے ہیں کہ ہمارا پڑوسی اس فرقہ ورانہ دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے۔
وزیراعظم نے لکھا کہ میں آپ کا درد بانٹتا ہوں اور غم کے ان لمحات میں اظہار یکجہتی کے لیے پہلے بھی آپ کے پاس آچکا ہوں۔ میں ہر خاندان سے ذاتی طور پر تعزیت اور دعا کے لیے بہت جلد دوبارہ آو¿ں گا، میں اپنے لوگوں کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچاو¿ں گا، ازراہ کرم اپنے پیاروں کی تدفین کردیں تاکہ ان کی روح کو سکون مل سکے۔

مزیدخبریں