سانحہ مچھ، سپریم کورٹ بار کا عدالتی کمیشن قائم کرنے کامطالبہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)بلوچستان میں ہزارہ برادری کے افراد کی ہلاکت کے معاملے پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے عدالتی کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کر دیا اور کہا کہ واقعہ کی ایک ماہ میں تحقیقات کر کے رپورٹ دی جائے۔
سپریم کورٹ بار کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہاگیاہے کہ بھارت اور افغانستان کو واقعہ کا ذمہ دار قرار دینے سے لوگ مطمئن نہیں،فرقہ واریت پھیلانے والے حقیقی عوامل کا پتا چلایا جائے، اعلامیہ میں مزید کہاگیاہے کہ جب تک حکومت کوئی ایکشن نہیں لیتی تمام بار ایسوسی ایشنز ہڑتال کا اعلان کریں۔
واضح رہے کہ سانحہ مچھ کےخلاف ورثا کا کوئٹہ میں مغربی بائی پاس پر میتیں رکھ کردھرنا جاری ہے۔ متاثرین نے عمران خان کے آنے تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا ہوا ہے اور کہا ہے کہ اب بات وزیراعظم سے ہی ہوگی۔احتجاجی دھرنے میں خواتین، بچے اور بزرگ شہری بھی شامل ہیں۔
یاد رہے گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی سربراہی میں وفد سے مذاکرات ناکام ہوئے۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری اور صوبائی وزرا نے دھرنے پر بیٹھے افراد سے مذاکرات کئےتھے۔ احتجاجی شرکا نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ کی یقین دہانی سے مطمئن نہیں۔