ڈی آئی خان، مجلس وحدت مسلمین کا سانحہ مچھ کیخلاف دھرنا، زلفی بخاری کو ہٹانے کا مطالبہ 

Jan 06, 2021 | 19:00:PM

(24 نیوز)مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام سانحہ مچھ کیخلاف احتجاجی دھرناجاری ہے، مظاہرین نے زلفی بخاری کو فی الفور عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام سانحہ مچھ کےخلاف مین سرکلر روڈ پر احتجاجی دھرنا جاری ہے، احتجاجی دھرنے میں مرد و خواتین سمیت بچوں کی بڑی تعداد شریک ہے۔
 اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رہنما سید اسد علی زیدی، ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا غضنفر نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ مچھ حکومت اور اداروں کی نااہلی اور بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ہزارہ کا قتل عام ایک سوچی سمجھی سازش ہے جس میں بیرونی ہاتھ کے ساتھ ساتھ اندورنی ہاتھ بھی برابر کا شریک ہے۔
 مقررین نے کہا کہ چار دن ہو گئے ورثا سخت سردی میں لاشوں کے ہمارا کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں مگر نااہل حکومت ٹس سے مس نہیں ہوئی، حکومت بھول رہی ہے کہ اس کی اس تبدیلی میں ملت جعفریہ کا بہت اہم کردار ہے ہم اقتدار پر لا بھی سکتے ہیں اور کرسی سے نیچے بھی پھینک سکتے ہیں۔
 مقررین نے وزیراعظم فوری طور پر کوئٹہ جائیں اور لواحقین کے مطالبات پورے کریں جب تک وزیراعظم کوئٹہ نہیں جاتے ہمارا احتجاجی دھرنا جاری رہے گا۔ 
اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے ایم پی اے احمد خان کنڈی بھی اظہار یکجہتی کےلئے دھرنے میں خصوصی شرکت کی۔ دھرنے میں شامل مظاہرین مرد و خواتین نے موجودہ حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت ہر محاذ پرہر ناکام ہو چکی ہے، حکومت شیعہ ہزارہ برادری کو تحفظ دینے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔
مظاہرین نے کہاکہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کا بیان قابل مذمت ہے انہوں نے شہدا کے ورثا کے زخموں پر نمک پاشی کی ہے حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ زلفی بخاری کو فی الفور عہدے سے ہٹایا جائے انہوں نے کہا کہ جب تک شہدا کوئٹہ دھرنے پر رہیں گے ہمارا احتجاج بھی جاری رہے گا۔

مزیدخبریں