وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس، ثانیہ نشتر کی احساس پروگرام پر بریفنگ

Jan 06, 2021 | 20:06:PM

(24 نیوز)وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا،جس میں وزیراعظم کواحساس''کوئی بھوکانہ سوئے''اقدامات پر بریفنگ دی گئی،معاون خصوصی ڈاکٹرثانیہ نشترنے وزیراعظم کومنصوبے پربریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق احساس کے ذریعے غذائی قلت کے خطرے سے دوچار علاقوں کی نشاندہی کرکے منظم حکمت عملی سے کھانے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
 وزیر اعظم نے مستحق افراد کو کھانا فراہم کرنے کیلئے پیش کی گئی تجاویز کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایسے علاقوں کی نشاندہی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے جہاں لوگ معاشی مشکلات کا شکار ہو کر دو وقت کی روٹی سے محروم ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ جامع منصوبہ بندی سے ایسا نظام لایا جائے جس سے مستحقین تک رسائی براہ راست اور آسان ہو۔
 وزیر اعظم نے مزید کہا کہ احساس "کوئی بھوکا نہ سوئے" پروگرام کامیابی کے بعد نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اپنی مثال آپ ہوگا۔
 اسکے علاوہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیر اعظم کو احساس ڈونرمینجمنٹ سسٹم پر بھی بریفنگ دی جس کے ذریعے انفرادی اور اداروں کی سطح پر مرضی کے مطابق ڈونیشن دینے کے ساتھ ساتھ اس کے خرچ کی تفصیل خودکار اور ڈیجیٹل طریقے سے ڈونر تک جا سکے گی، اس نظام کی مکمل تیاری کے بعد اس کا آغاز رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے اختتام تک کر دیا جائے گا۔

مزیدخبریں