(24 نیوز)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد خان نے لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک کو سپریم کورٹ کا جج بنانے کی سفارش کر دی۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا، اجلاس میں لاہورہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک کو سپریم کورٹ کا جج بنانے کی سفارش کی گئی، جوڈیشل کمیشن نے جسٹس عائشہ اے ملک کو سپریم کورٹ کا جج بنانے کے لئے سفارش پارلیمانی کمیٹی کو ارسال کردی۔ذرائع کے مطابق پانچ چار کی اکثریت سے جسٹس عائشہ ملک کے نام کی سفارش کی گئی، جسٹس عائشہ ملک لاہور ہائیکورٹ میں سنیارٹی کے مطابق چوتھے نمبر پر ہیں ،جسٹس عائشہ ملک کی تقرری کیخلاف پاکستان بار کونسل نے ہڑتال کا اعلان کیا تھا،گزشتہ برس 24 ستمبر کو جسٹس عائشہ ملک کا نام موخر کر دیا گیا تھا۔ جسٹس قاضی فائز عیسی،جسٹس سردار طارق مسعود نے انکے نام کی مخالفت کی جبکہ جسٹس مقبول باقر اور نمائندہ پاکستان بار کونسل اختر حسین نے بھی مخالفت کی۔ چیف جسٹس گلزار احمد،جسٹس عمر عطا بندیال نے جسٹس عائشہ ملک کی حمایت کی جبکہ اٹارنی جنرل،وفاقی وزیر قانون اور جسٹس( ر )سرمد جلال عثمانی نے بھی انکے نام کی حمایت کی۔
یاد رہے کہ جسٹس عائشہ اے ملک 1966ءکو پیدا ہوئیں، جسٹس عائشہ ملک نے ابتدائی تعلیم پیرس، نیویارک اور پھر کراچی سے حاصل کی۔انہوں نے بی کام کراچی سے کیا اور لاہور سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی، ایل ایل ایم انہوں نے ہارورڈ لا سکول امریکا سے کیا، 55 سالہ جسٹس عائشہ ملک نے بطور جج لاہورہائیکورٹ عہدہ کا حلف 27 مارچ 2012ءکو اٹھایا تھا۔جسٹس عائشہ اے ملک مارچ 2031 تک عدالت عظمیٰ کی جج رہیں گی۔ جسٹس عائشہ ملک لاہور ہائی کورٹ میں سنیارٹی لسٹ میں چوتھے نمبر پر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:"إنا لله وإنا إليه راجعون.. الحمدلله"۔۔ موت کی سزا سن کر مجرم نے یہ الفاظ کیوں کہے۔۔؟