شہباز گل کی ایمبولینس میں عدالت آمد، پھر فرد جرم عائد نہ ہوسکی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) پی ٹی آئی رہنما شہباز گل پر اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس میں ایک بار پھر فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔
ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا کے روبرو سماعت کے دوران وکیل نے بتایا کہ عماد یوسف کو ملیریا ہوگیا ہے۔ عماد یوسف کی جانب سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جا رہی ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ لگتا ہے یہاں باریاں لگی ہوئی ہیں۔ شہباز گل ایمبولینس پر لاہور سے آ گئے یہ کراچی سے نہیں آئے۔ اس موقع پر عماد یوسف کی میڈیکل رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کی گئی۔
شہباز گل کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شہباز گل عدالت کے باہر ایمبولینس میں موجود ہیں۔ جج نے کہا کہ یہ معاملہ لٹک رہا ہے، لگتا ہے ٹائم آگے کیا جا رہا ہے۔ وکیل نے کہا کہ یہ بیمار آدمی کے وارنٹ گرفتاری جاری کرا دیتے ہیں۔
عدالت نے 50 ہزار روپے مچلکوں کے عوض عماد یوسف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی اور شہباز گل پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 20 جنوری تک مؤخر کر دی۔