ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی

Jan 06, 2023 | 15:33:PM
فائل فوٹو
کیپشن: ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک )محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی تھی کہ 7 جنوری سے مغربی ہواؤں کا نیاسلسلہ بلوچستان میں داخل ہوگا، جس کے باعث بلوچستان کے کچھ اضلاع میں بارش ہوگی، جب کہ مغربی سسٹم کے پختونخوا منتقلی کے بعد کراچی میں سردہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں شمالی بلوچستان کےعلاقوں میں آج سے داخل ہوجائیں گی، اور آئندہ دو روز کے دوران بالائی علاقوں میں اپنا اثر دیکھائیں گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں موسم سرد اورخشک رہے گا، جب کہ اسلام آباد میں موسم سرد اورمطلع جزوی ابر آلود رہنےکا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دیر، چترال، سوات، کوہستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں ہلکی بارش اور برفباری متوقع ہے، جب کہ بالائی علاقے اور شمالی بلوچستان شدید سردی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اورخیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شدید دھند کا سلسلہ جاری رہے گا، اور اس دوران خطۂ پوٹھوہار میں صبح کے اوقات میں کہرا پڑنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوچکا ہے، شہر کا درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کے بعد سڑکوں پر کھڑا پانی جم کر برف میں تبدیل ہو گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق قلات اور زیارت میں درجہ حرارت منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے کل شام سے نو جنوری تک بلوچستان میں بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا کہ کل سے صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا سسٹم داخل ہوگا، اور بارشوں کا سلسلہ 9 جنوری تک جاری رہے گا، جس کے بعد بالائی علاقوں اور خصوصاً کراچی میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوجائے گا۔