ڈیوٹی فری شاپس کا قیام،سعودی عرب سے بڑی خبر آ گئی
شراب فروخت کرنے کی اجازت نہیں ، قواعد و ضوابط مقرر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)سعودی زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی نے سعودی ائیرپورٹس، بندرگاہوں اور بری سرحدی چیک پوسٹوں پر ڈیوٹی فری شاپس کے قیام سے متعلق قواعد و ضوابط مقرر کر دیئے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ڈیوٹی فری شاپ کے قواعد و ضوابط جی سی سی ممالک کے مشترکہ کسٹم سسٹم کے مطابق ہیں،قواعد و ضوابط پر عملدرآمد 30 روز بعد شروع ہوگا۔
اتھارٹی نے بیان میں کہا کہ’’ ڈیوٹی فری شاپس سے مسافروں کو سامان خریدنے کی اجازت ہوگی،’’’ڈیوٹی فری شاپس میں مقامی کمپنیوں کو بھی اپنی مصنوعات متعارف کرانے کا موقع دیا جائے گا‘‘۔اتھارٹی نے کہا کہ سعودی عرب میں صرف کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ جدہ، کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ریاض، کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ظہران اور امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ مدینہ منورہ میں ڈیوٹی فری شاپس ہیں اور یہ مملکت سے باہر جانے والے مسافروں کیلئے کھولی گئی ہیں۔
زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی نے کہا کہ’’ ڈیوٹی فری شاپس میں شراب فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘‘۔ ڈیوٹی فری شاپس کے قواعد و ضوابط سعودی کابینہ کی جانب سے ڈیوٹی فری شاپس کے قیام کی منظوری کے بعد مقرر کئے گئے ہیں۔