(24 نیوز) مسلم لیگ ن کی رہنمااور سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک 9 مئی نہیں 28 مئی والوں کے سپرد ہوگا، ریاست 9 مئی والوں کے چہرے جانتی ہے، 9 مئی کو شرپسندوں نے ریاستی اداروں، ہسپتالوں اور پولیس پر حملے کئے،9 مئی والوں پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔
لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عدالتوں سے بھاگنے والا اب الیکشن سے بھاگ رہا ہے، پاکستان کے عوام چاہتے ہیں کہ الیکشن مقررہ وقت پر ہوں، انتخابات ضرور ہوں گے، الیکشن سے کسی کو بھاگنے نہیں دیں گے، گزشتہ روز ن لیگ نے سینٹ میں قرارداد کی مخالفت جبکہ پی ٹی آئی نے حمایت کی، یہ لوگ اندر چپ رہتے ہیں، باہر نکل کر چیخیں مارتے ہیں، پی ٹی آئی والے الیکشن رکوانے کیلئے لاہور ہائی کورٹ تک گئے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے 2018 میں مشکل حالات میں الیکشن لڑا، بانی پی ٹی آئی نے آرٹیکل میں لکھا میری پارٹی کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی، اصل میں نوازشریف کو کبھی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی۔
انہوں نے بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی روک دی گئی، تم نے ملک کو ڈیفالٹ کیا، مہنگائی میں اضافہ کیا، 8 فروری کو الیکشن ہر صورت ہوں گے، ووٹ ایک بار پھر اچھے دن واپس لانے کیلئے دیا جائے، قائد ن لیگ پہلے کی طرح مہنگائی کا خاتمہ کریں گے، نواز شریف عوام کیساتھ ملکر ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالیں گے۔