اداکارہ ریماخان پر کروڑوں کے فراڈ کا الزام،مقدمہ بھی درج
فلم لومیں گم میں سرمایہ کاری کی تھی،معاہدے کے باوجود رقم واپس نہیں کی، شاہد رفیق
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)پاکستانی فلموں کی معروف اداکارہ ریما خان پرشاہدرفیق نامی شخص نے فراڈکا الزام لگاتے ہوئے مقدمہ بھی درج کروانے کادعویٰ کردیا.
لالی وڈکی معروف اداکارہ ریماخان پرایک شخص شاہد رفیق کی جانب سے فراڈ کے الزامات عائد کیے گئے ہیں جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
قطر میں ملازمت کرنے والے شاہد رفیق نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ریما خان کی فلم "لو میں گم" میں سرمایہ کاری کی تھی، تاہم ان کے ساتھ ریماخان کی جانب سے کروڑوں روپے کا فراڈ کیا گیا ہے۔
شاہد رفیق کے مطابق 2009 میں وہ قطر سے لاہور واپس آئے تاکہ پراپرٹی خرید سکیں،اس دوران ان کی ملاقات ریما خان کی بہن مائرہ خان سے ہوئی جو ریئل اسٹیٹ کے کاروبار سے وابستہ تھیں، مائرہ نے انہیں فلم میں سرمایہ کاری کا مشورہ دیا اور منافع کی یقین دہانی بھی کرائی۔
شاہدرفیق کا کہنا ہے کہ مائرہ نے ہی ان کی ریما خان سے ملاقات کروائی، جس کے بعد میں نے پیسے منتقل کیے،تاہم مائرہ نے انہیں پلاٹس فروخت کرنے سے انکار کرتے ہوئے مزید رقم کا مطالبہ کیا۔
مذکورہ شخص نے بتایا کہ ریما نے انہیں ملائیشیا بلایا، جہاں فلم کی شوٹنگ جاری تھی،میں نے فلم مکمل کروائی لیکن مزید پیسے مانگنے پر میں نے اپنی رقم واپس لینے کا مطالبہ کردیا،ریما نے ایک معاہدہ بھی کیاتھا لیکن رقم واپس نہیں کی۔
شاہد کا دعویٰ ہے کہ ان کے پاس تمام ثبوت ہیں اور ریما پر کیس دائر کر رکھا ہے، تاہم ریما عدالت میں پیش نہیں ہو رہیں اور گزشتہ چار سال سے مقدمہ التوا کا شکار ہے۔
سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد صارفین شاہد رفیق کے ساتھ ہمدردی رکھتے ہوئے انہیں قانونی کارروائی مزید تیز کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے ریما پرتنقید کر رہے ہیں۔