بانی پی ٹی آئی اصل رسیدیں دکھا دیں ، رہا ہو جائیں گے: احسن اقبال
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اصل رسیدیں دکھا دیں رہا ہو جائیں گے۔
کراچی میں صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی لوگوں سے رسیدیں مانگتے تھے، جب ان سے رسیدیں مانگی گئیں تو بوگس رسیدیں نکلیں، ملک کا 50ارب کھانے کے بعد آپ کہہ رہے ہیں ڈکار بھی نہیں مارنا ،انہوں نے کہا کہ کیا کبھی ایسا ہوسکتا ہے آپ کو سستے تحفے ملیں اور گن مین کو مہنگے تحفے ملیں، اپنی رسیدیں مانگنے کی باری کہتے ہیں ہم سے رسیدیں مت مانگیں، یہ انصاف نہیں ’’تحریک انصاف ‘‘ہے۔
وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ 31دسمبر کو وزیراعظم نے اڑان پاکستان کے نام سے منصوبہ لانچ کیا ہے، ماضی میں 3 اڑانیں کریش ہوتے دیکھ چکے ہیں ، اڑان پاکستان سیاست سے بالاتر ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے وفاقی منصوبوں کی جانب توجہ دلائی ،سندھ میں وفاقی حکومت کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ وفاقی حکومت کی امداد سے چلنے والے منصوبوں پر کام رکنے نہیں دیں گے، سیلاب متاثرین کی بحالی میں وفاق اپنا حصہ ڈال رہا ہے، زراعت،صنعت،ٹیکنالوجی،تخلیقی صنعت کا فروغ ہماری ترجیح ہے، جدت کی وجہ سے عالمی سطح پر انقلاب آ گیا ہے، پاکستان نے خطے کے ممالک کے ساتھ معاشی مقابلہ کرنا ہے، ہمیں اس ملک کو باوقار ملک بنانا ہے ،مخلوط حکومت کے اندر ہلکی پھلکی نوک جھوک چلتی رہتی ہے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی ملک کی دو بڑی جماعتیں ہیں، دونوں پارٹیوں کے اپنے اپنے نظریات ہیں، دو بڑی جماعتیں جدا حیثیت رکھتی ہیں وہ میچور ہیں، دونوں جماعتیں جہاں ملک کا نقصان دیکھتی ہیں وہاں ایک پیج پر آجاتی ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ ملکی مفاد سے متعلق ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا نظریہ ایک ہے، 2022 کے سیلاب کے بعد تباہی سے نکلنے میں سندھ حکومت کی مدد کریں گے، سب کے ساتھ ملکر ہمیں اس ملک کو معاشی بحران سے نکالنا ہے،وزیرخزانہ این ایف سی کا اجلاس بلا رہے ہیں، یقینا ًمسائل ہیں اور وہ مسائل ہم ہی حل کریں گے، سائبر سپیس سے آپ کسی بھی ملک کی انشورنس کمپنی اور گورننس کے نظام کو ہیک کرسکتے ہیں، پاکستان نے سائبر سپیس میں دیر سے قدم اٹھایا ہے، سائبر بزنس کی حفاظت بھی ہماری ہی ذمہ داری ہے، ہماری سافٹ ویئر انڈسٹری ترقی کررہی ہے، پاکستان کو اس وقت غیر اعلانیہ جنگ کا سامنا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ آسٹریلیا ترقی یافتہ ملک ہے، وہ 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی لگا رہا ہے، امریکا جیسے ملک کو بھی سائبر اٹیک کا سامنا ہے، ہمیں ملک میں لوگوں کو اپنی کامیابیاں بھی بتانی چاہئیں، سٹاک مارکیٹ 30 ہزار سے بڑھ کر ایک لاکھ سے اوپر چلی گئی ہے، مہنگائی 38 فیصد سے گر کر4 فیصد پر آگئی ہے۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے مفاہمت کی سیاست ناگزیر ہے، معیشت کا دارومدار 30 ارب ڈالر ایکسپورٹ کو 100 ارب ڈالر تک پہنچانا ہے، 100ارب تک ایکسپورٹ لے جانے میں 8 یا 15 سال لگیں گے، کسی نے باہر سے آکر نہیں ہمیں خود پاکستان کو ترقی پر لے جانا ہے، اڑان پاکستان کے تحت ہدف کو حاصل کرنے کیلئے صوبوں کو ساتھ لیکر چلیں گے۔