طلبہ بہکاوے میں نہ آئیں، کسی کا ایندھن مت بنیں:مریم نواز شریف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ طلبہ کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں، کسی کا ایندھن مت بنیں۔
بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں ہونہار سکالر شپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ سکالر شپس لینے والے تمام طلبہ اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، آج طلبہ سے بطور وزیراعلیٰ نہیں ایک ماں کے طور پر مخاطب ہوں،انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے آج کل تعلیم مہنگی ہے ،اخراجات بہت زیادہ ہوتے ہیں، آج طلبہ کی محنت کے صلے نے ماں باپ کا بوجھ اٹھا لیا ہے، بچے پیار سے میرا شکریہ ادا کررہے ہیں، میراشکریہ اداکرنے کی ضرورت نہیں یہ آپ کی محنت کا ثمر ہے فیصلہ کیا تھا کہ ہر جگہ خود جاکر سکالرشپس دوں گی۔
مزید پڑھیں:سرکاری زمینوں پر قابض مافیا کیخلاف آپریشن کا حکم
مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ میرا پیسہ بالکل نہیں ،پنجاب کے عوام کا پیسہ ہے، میں یہ پیسہ اپنے گھر سے نہیں لائی، پچھلے 75 سال سے بھی یہ پیسہ آپکا تھا، میرا سوال ہے یہ پچھلے 75 سال میں آپ کو کیوں نہیں ملا؟وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بچوں کو 100 فیصد میرٹ پر سکالر شپس دیئے گئے ہیں، کسی سے نہیں پوچھا کہ کس سیاسی جماعت سے تعلق ہے، کسی کو ایم این اے ،ایم پی اے کی سفارش پر سکالر شپ نہیں دیا، ہونہار سکالر شپس پروگرام کا نعرہ ہے پڑھو یقین سے، میں چاہتی ہوں آپ سکون سے پڑھو ،ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے 30 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار سکالر شپس کردوں، انٹرنیشنل سکالر شپس پروگرام پر بھی کام کررہی ہوں، انٹرنیشنل سکالر شپس پروگرام کو بھی جلد شروع کریں گے، لیپ ٹاپس کی پہلی شپ منٹ آچکی ہے، بہت جلد لیپ ٹاپس لیکر سب کے پا س آرہی ہوں، کوشش ہے آپ کو جدید لیپ ٹاپس ملیں ۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے داخلہ لینا ہے فیس کی پوری ذمہ داری میری ہے، چاہتی ہوں اس پروگرام کو 100بلین تک لے کر جائیں، چاہتی ہوں کوئی ذہین بچہ یا بچی اعلیٰ تعلیم سے محروم نہ رہ جائے، کوشش ہوگی آپ کے کالجز اور یونیورسٹیز کو اچھی بسیں فراہم کریں۔
اسے بھی پڑھیں:پاک سعودیہ عوام کے دل یکساں دھڑکتے ہیں: وزیر اعلیٰ پنجاب
ان کا کہنا تھا کہ ہم 30 ہزار الیکٹرک بائیکس دے رہے ہیں جس کا پہلا فیز مکمل ہوگیا ہے، ہمیں الیکٹرک گاڑیوں کی طرف بھی منتقل ہونا چاہیے، نہیں چاہتی کہ پنجاب کے لوگ آلودہ فضا میں سانس لیں، چینی کمپنیاں پنجاب میں الیکٹرک بائیکس کا یونٹ لگا رہی ہیں۔