(ویب ڈیسک)باپ ایک درخت کی مانند ہوتا ہے جس کے سائے میں بچے پروان چڑھتے ہیں لیکن شہر قائد میں باپ نے اپنے بیٹے پر ایسا وحشیانہ تشدد کیا کہ دیکھنے والوں کے دل دہل جائیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے پاکستان بازار میں 3 بچوں کے باپ اسماعیل نے نیند خراب کرنے پرآٹھ سالہ بیٹے کو جنونیوں کی طرح تشدد کا نشانہ بنا دیا۔افسوس ناک واقعہ اتوار کو صبح نو بجے کے قریب پیش آیا، اسماعیل کی اہلیہ جمیلہ نے واقعے کی موبائل ویڈیو بنا لی، بعد ازاں پاکستان بازار پولیس سٹیشن میں شکایت درج کروا دی۔
پولیس نے اسماعیل ولد ابراہیم کے خلاف چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔خاتون جمیلہ کی شکایت کے مطابق اورنگی ٹاؤن، غازی آباد سیکٹر کی کچی آبادی کے رہائشی اسماعیل نے صبح کے وقت شور مچا کر نیند میں مخل ہونے پر اپنے آٹھ سالہ بیٹے اسد پر وحشیانہ تشدد کیا۔
خاتون کا کہنا تھا کہ اسماعیل ان پر بھی تشدد کرتا ہے اور بیٹے اسد سمیت تینوں بچوں کو 11 سال سے روز تشدد کا نشانہ بناتا آ رہا ہے، جمیلہ کے مطابق شوہر نشے کا عادی اور ذہنی طور پر ڈسٹرب ہے۔
ایس پی اورنگی قیس خان کے مطابق شکایت کے بعد جب پولیس گھر پر پہنچی تو ظالم شخص گھر سے فرار ہو گیا، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپا مار کاروائیاں کی جا رہی ہیں۔ویڈیو میں بچے پر انسانیت سوز تشدد دیکھا جا سکتا ہے، باب اپنے سگے بیٹے اسد کو اٹھا کر پٹختا، گلا دباتا اور تھپڑ مارتا رہا، اس نے آٹھ سالہ بچے کو ہر طریقے سے تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس کو دیے گئے بیان کے مطابق 3 جولائی کو شوہر اسماعیل سو رہا تھا کہ اسد کے شور سے اس کی آنکھ کھل گئی، اس کے بعد وہ جنونی ہو کر بے قابو ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں :سپریم کورٹ ؛ منحرف ارکان قومی اسمبلی کیخلاف تحریک انصاف کی اپیلیں سماعت کیلئے مقرر