(24 نیوز) الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی 5 مخصوص نشستوں کے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے۔جس کے بعد تحریک انصاف کی پنجاب اسمبلی میں نشستوں کی تعداد173 ہو گئی ۔
الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی بتول زین جنجوعہ، سائرہ رضا، فوزیہ عباس نسیم کے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے، دو اقلیتی نشستوں پر بھی نوٹیفکیشن جاری کر دیئے، حبکوک رفیق ببو اور سیموئل یعقوب کا مخصوص نشستوں پر نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔
عدالتی فیصلے کے بعد گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی مخصوص نشستوں کے امیدواروں کو طلب کیا تھا۔الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی ترجیحی امیدوار بتول جنجوعہ، سائرہ رضا اور فوزیہ عباس کو خواتین کی نشستوں پر کاغذات کی تفصیلات جاننے کیلئے بلایا تھا۔ اقلیتی نشستوں پر حبکوک رفیق اور سیموئل یعقوب کو بھی الیکشن کمیشن طلب کیا تھا۔
دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ایک طویل لڑائی کے بعد تحریک انصاف کو پانچ مخصوص نشستیں بھی حاصل ہو گئی ہیں، جس کے بعد اب پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق کی نشستیں بڑھ کر 173 ہو گئی ہیں جبکہ نون لیگ اور پیپلز پارٹی کی نشستیں 172 ہیں، ایک راہ حق اور چار آزاد امیدوار ہیں، انشا اللہ پنجاب سے حمزہ حکومت آخری دن گن رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ ؛ منحرف ارکان قومی اسمبلی کیخلاف تحریک انصاف کی اپیلیں سماعت کیلئے مقرر