(ویب ڈیسک) میٹا نے ’تھریڈز‘ کے نام سے اپنا نیا پلیٹ فارم لانچ کر دیا ہے۔ یہ نئی ایپ ٹوئٹر کی طرز پر ہی ڈیزائن کی گئی ہے اور اس کی براہ راست حریف بھی مانی جا رہی ہے۔
کہا جا رہا ہے کہ اس سے دو ارب پتیوں، مارک زکربرگ اور ایلون مسک کے درمیان مقابلہ مزید بڑھ جائے گا۔
ٹوئٹر ہی کی طرح ’تھریڈز‘ پر بھی صارف ٹیکسٹ یعنی تحریری پیغامات کے ساتھ ہی لنکس پوسٹ کر سکتے ہیں اور دوسروں کے پیغامات کا جواب دینے کے ساتھ ہی کسی بھی پوسٹ کو شیئر بھی کیا جاسکتا ہے۔
تھریڈز کے لانچ کے محض سات گھنٹوں کے اندر ایک کروڑ لوگوں نے سائن اپ کیا۔ میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے اس سے پہلے اپنی ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ ’تھریڈز کے لانچ کے پہلے دو گھنٹوں کے اندر دو ملین سے زیادہ لوگوں نے سائن اپ کر لیا ہے‘۔
صارفین اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کا استعمال کرتے ہوئے اس کے علاوہ ایپ میں لاگ ان ہو سکتے ہیں اور پھر 500 کریکٹر ٹیکسٹ پوسٹ کرسکتے ہیں جس میں تصاویر اور ویڈیوز بھی اٹیچ ہوسکتی ہیں۔
میٹا نے مائیکرو بلاگنگ طرز کی اپنی نئی ایپ ’تھریڈز‘ لانچ کی ہے جسے وسیع پیمانے پر ٹوئٹر سے مقابلہ کرنے کی کوشش سمجھا جا رہا ہے۔
’تھریڈز‘ کو ایک انسٹاگرام ایپ کے طور پر برانڈ کیا گیا ہے اور اسے اسی پلیٹ فارم کی ٹیم نے بنایا ہے لیکن اس ایپ پر ٹوئٹر کی طرح ٹیکسٹ اپ ڈیٹس میسر ہوں گی۔
ایپ اب آئی فونز کے ایپ سٹور اور اینڈرائیڈ کیلئے گوگل پلے سٹور پر لائیو ہے۔
ٹوئٹر کی طرح ہی میٹا نے ’تھریڈز‘ کیلئے ایک مختص ویب سائٹ بھی لانچ کی ہے حالانکہ اس وقت اس میں ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرنے کیلئے ایک تفصیلی اینیمیشن اور ایک کیو آر کوڈ دیا گیا ہے۔
یہ اب 100 سے زیادہ ممالک میں دونوں بڑے سمارٹ فون پلیٹ فارمز پر دستیاب ہے۔ یہ ایپ فی الحال یورپی یونین میں دستیاب نہیں ہے جس کی وجہ بظاہر رازداری کے حوالے سے خدشات ہیں کہ اس کا ڈیٹا مختلف میٹا ایپس کے درمیان شیئر کیا جائے گا۔
تھریڈز کا آغاز ایک ایسے وقت پر کیا گیا ہے جب ٹوئٹر ایک مشکل وقت سے گزر رہا ہے جس نے حالیہ دنوں میں سنگین تکنیکی مسائل کا سامنا کیا ہے اور اپنی کچھ سینٹرل فنکشنیلٹی کھو دی ہے۔
مائیکرو بلاگنگ ایپس کی رینج میں تھریڈز ایک بالکل نیا اضافہ ہے جو ٹوئٹر کی سروس پر تنقید کے دوران اس پلیٹ فارم کو پیچھے چھوڑ دینا چاہتی ہے۔ اس جیسی دیگر ایپس جیسے مسٹوڈن اور بلوسکائی بھی تکنیکی اور دیگر مسائل سے نبرد آزما ہیں۔
اس ایپ کی لانچنگ اس وقت ہوئی ہے جب میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک کے ساتھ ایک مکسڈ مارشل آرٹس فائٹ کا منصوبہ بنایا ہے۔
میٹا نے کہا کہ تھریڈز کا مقصد ’انسٹاگرام کے بہترین کاموں کی طرح اسے ٹیکسٹ تک پھیلانا تھا تاکہ اپنے خیالات کے اظہار کیلئے ایک مثبت اور تخلیقی سپیس پیدا کی جاسکے‘۔
خیال رہے کہ میٹا کے بانی مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ ان کی کمپنی کی جانب سے لانچ کی گئی نئی ایپ تھریڈز پر پہلے سات گھنٹوں میں 10 ملین صارفین سائن اپ کر چکے ہیں۔