بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو پٹرول نہیں ملے گا، نوٹیفیکیشن جاری

Jul 06, 2023 | 17:29:PM

(24 نیوز) موٹر سائیکل سوار ہو جائیں ہوشیار! پنجاب بھر میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو پٹرول نہیں ملے گا۔

خبردار ہوشیار موٹر سائیکل سوار ہو جائیں تیار کیونکہ پنجاب حکومت نے نو ہیلمٹ نو پٹرول کی زیرو ٹالرنس پالیسی اپنا لی ہے۔ صوبہ بھر میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام نے بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے والوں کے ساتھ نرمی نہ برتنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جان پیاری ہے تو قانون کی پاسداری کرنا ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانیوں کی سنی گئی، کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بڑی کمی، اہم خبر آ گئی

ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو پٹرول نہ دینے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام پٹرول پمپس مالکان کو ہدایت کی گئی کہ موٹرسائیکل سواروں کو ہیلمٹ کے بغیر پٹرول نہ دیا جائے۔ آئے روز موٹرسائیکل حادثات میں ہیلمٹ نہ پہننے کی وجہ سے سر پر چوٹیں لگنے سے اموات بڑھ رہی ہیں، تمام پیٹرول پمپ مالکان احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

لاہور کے علاوہ راولپنڈی میں بھی پٹرول پمپس مالکان کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل سواروں کو پٹرول نہ دیا جائے۔ سی ٹی او راولپنڈی تیمور خان نے کہا ہے کہ انتظامیہ کے اس اقدام سے عوام کو احساس ہو گا کہ ہیلمٹ جان بچانے کے لئے نہایت ضروری ہے، عوام سے اپیل ہے کہ موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کا استعمال ضروری کریں اور سمجھدار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

دوسری جانب پولیس حکام کہنا ہے کہ خفیہ مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے موٹر سائیکل سواروں کو پٹرول پمپس کے علاوہ سڑکوں پر بھی غلطی کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا، پچھلے 24 گھنٹوں میں 1604 موٹر سائیکل سواروں کے چالان کاٹے جا چکے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا سہولت کار کون؟گاڑی کے نمبر سے پول کھل گیا

علاوہ ازیں پٹرول پمپس مالکان کا کہنا ہے کہ جو حکمانہ آیا ہے اس پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے، سرکاری ملازمین کو بھی ہیلمٹ کےبغیر پٹرول نہیں دیں گے، انتظامیہ کے حکم نامے پر 100 فی صد عمل درآمد کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ 3 روز قبل پنجاب بھر میں موٹر سائیکل سواروں کیلئے ہیلمٹ پہننا ضروری قرار دیا گیا تھا جس پر ڈی آئی جی ٹریفک پولیس پنجاب نے فوری عملدرآمد کیلئے مراسلہ بھی جاری کر دیا ہے، متعلقہ حکام کو ہدایت بھی کی گئی ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے۔

مزیدخبریں