موسلا دھار بارشیں، مشرقی دریاؤں میں طغیانی اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا امکان، این ڈی ایم اے

Jul 06, 2023 | 20:10:PM

(24 نیوز) اسلام آباد میں این ڈی ایم اے کے زیر اہتمام موجودہ بارشوں کی صورتحال پر فلڈ مینجمنٹ اجلاس ہوا جس کی صدارت چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل (ر) انعام حیدر ملک نے کی۔

اجلاس میں محکمہ موسمیات، فیڈرل فلڈ کمیشن، پی ڈی ایم اے پنجاب، ریسکیو 1122 اور دیگر محکموں کے افسران اور نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ 8 سے 10 جولائی کے دوران دریائے چناب، ستلج اور راوی کے آب گیر علاقوں میں تیز بارش کا امکان ہے، ان موسلا دھار بارشوں سے مشرقی دریاؤں میں بھی پانی کے بہاؤ میں اضافے اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا امکان ہے۔

اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ بارشوں کی وجہ سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ہے جبکہ متعلقہ اداروں کیجانب سے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ اور آبی ذخائر کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پی ڈی ایم اے پنجاب اور ریسکیو 1122 کی ٹیمز صورتحال کی نگرانی پر مامور ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: بارش،حادثات،وزیراعلیٰ کا زخمیوں کیلئے دو ،دو لاکھ روپے امداد کا اعلان

اس حوالے سے چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ موسم برسات کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے قومی سمولیشن مشق کا انعقاد کیا جائے، جو موسم برسات کی پیشگی تیاریوں میں معاون ثابت ہوگی، اس موقع پر چیئرمین نے ہدایات جاری کیں کہ فیڈرل فلڈ کمیشن اور محکمہ آبپاشی پنجاب دریاؤں کے بہاؤ کی بلاتعطل نگرانی یقینی بنائی جائے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے عوام سے گزارش کی کہ وہ بارشوں کے دوران کمزور انفراسٹرکچر (بجلی کے کھمبوں وغیرہ) سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں متعلقہ انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

مزیدخبریں