گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

Jul 06, 2024 | 08:40:AM
گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ارشاد قریشی,محمد حماد) مون سون بارشوں کا دھواں دھار سپیل جاری ہے، وفاقی دارلحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ  موسلادھاربارش سے حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، رات گئے شہر کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، شالیمار، گڑھی شاہو، مال روڈ، کینال روڈ، ہربنس پورہ، ساندہ، اسلامپورہ و گردو نواح میں آندھی کے ساتھ بارش ہوئی۔بارش اور آندھی کے دوران لاہور کے کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، مری، جہلم، مریدکے، گوجرانوالہ، اٹک، وزیر آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بادل برس پڑے، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی کے ستائے ہوئے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے، مختلف شہروں میں شدید بارش کے بعد سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔

اٹک شہر اور گردونواح میں شدید بارش کے باعث کئی فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے شہر اندھیرے میں ڈوب گیا۔

اس کے علاوہ تلہ گنگ، میانوالی،نارووال، ڈسکہ،نوشہرہ ورکاں، چونیاں، عیسی خیل،فاروق آباد ،شاہ کوٹ ننکانہ صاحب سمیت  پنجاب کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کیساتھ موسلا دھار بارش ہوئی ،موسلادھار بارش نشیبی علاقے زیر آب آگئے، ماہرین کے مطابق بارش کپاس کی فصل کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگئی ۔

یہ بھی پڑھیں:محرم الحرام کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

دوسری جانب آزاد کشمیر میں بھی طوفانی بارش سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا، بجلی کے پول اور درخت جڑوں سے اکھڑ گئے جس سے بجلی کا نظام بھی متاثر ہوگیا۔

علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات سے 7 جولائی کے دوران موسلادھار بارش سے پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں سیلابی صورتِ حال ہو سکتی ہے، لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال، راولپنڈی، فیصل آباد اور پشاور میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں موسم ابر آلود اور مطلع صاف ہے،موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ہے،جنوب مغرب سے چلنے والی ہوائیں 24 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے جبکہ  مون سون ہوائیں آج شام مشرقی سندھ میں داخل ہوں گی۔