وزیراعلیٰ سندھ کے ترقیاتی دعووں کومسترد کرتے ہیں : مصطفیٰ کمال

Jul 06, 2024 | 12:08:PM

(24نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کے تمام ترقیاتی دعووں کومسترد کرتے ہیں۔

کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان تمام دعووں کو عوامی ری ایکشن پر مسترد کرتی ہے، وزیراعلیٰ نےسندھ کی غلط تصویر پیش کرنے کی کوشش کی، وزیراعلیٰ سندھ نے15سال کی کارکردگی کی پریزینٹیشن دی، سندھ حکومت کو عوامی مشکلات کا ازالہ کرنا چاہیے،مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اپنے دور اقتدار میں سندھ کیلئے کچھ نہیں کیا، سندھ حکومت نے جو بیانیہ گھڑا ، اس میں جھول ہے ، یہ پیسہ کسی کا ذاتی نہیں میرا اور آپ کا پیسہ ہے، اربوں روپے صرف اشتہارات پر لگائے جارہے ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ سندھ سے پنجاب میں داخل ہوتے ہیں سڑکوں کا فرق نظر آنے لگتا ہے، 3ہزار200ارب روپے تعلیم پر لگائے اور بچے سکولوں سے باہر ہیں، آج سندھ میں 11ہزار گھوسٹ سکول ہیں، جہاں کام ہوتا ہے وہاں حکومت کو اشتہار لگاکر بتانے کی ضرورت نہیں پڑتی، پیپلزپارٹی نے15سال میں 18ہزار ارب روپے خرچ کئے، اتنے پیسے میں 50 نئے سندھ بن سکتے تھے۔

ایم کیو ایم پاکستان رہنما نے کہاکہ ایم کیو ایم ایم پی ایز نے اسمبلی میں پورے سندھ کا مقدمہ لڑنے کی کوشش کی، میری میئرشپ میں کراچی دنیا کے 12ویں تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں شامل تھا،  اپنے دور میں کراچی میں  300ارب روپے خرچ کئے تھے ، لیاری،بابا بھٹ،بلدیہ ،اورنگی میں ہم نے پانی پہنچایا۔

مزیدخبریں