پاک، امریکہ تعلقات  کئی دہائیوں پر محیط ،تعاون جاری رہے گا:محسن نقوی

ڈپٹی سپیکر نیویارک اسمبلی فل راموس کی وزارت داخلہ آمد، محسن نقوی کو نیویارک کے دورے کی دعوت دیدی

Jul 06, 2024 | 12:43:PM

(24نیوز)نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر فل راموس کی وزارت داخلہ آمد،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈپٹی سپیکر نیویارک اسمبلی اور ان کے وفد کا خیر مقدم کیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے ڈپٹی سپیکر نیویارک اسمبلی کی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، تعلیم، صحت ، پولیسنگ اور اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 ملاقات میں کوالیفائیڈپاکستانی نرسز کو ضروری پراسیس مکمل کرنے کے بعد ملازمت کے لئے نیویارک بھجوانے پر اتفاق کیا گیا، اس ضمن میں طریقہ کار کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔

 اس موقع پر ڈپٹی سپیکر نیویارک اسمبلی فل راموس نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کو نیویارک کے دورے کی دعوت دی۔ فل راموس کا کہنا تھا کہ امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی ہر شعبے میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے،امریکہ میں کوالیفائیڈ نرسز کی کمی ہے اور پاکستان میں اس حوالے سے بہت پوٹینشل ہے۔دوطرفہ اشتراک کار کے فروغ سے دونوں ملکوں کے لوگوں کو فائدہ ہوگا ۔

  وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ   صحت اور اقتصادی ترقی کے شعبوں میں باہمی تعاون کے وسیع مواقع ہیں،اپنے دور میں پنجاب میں شعبہ  نرسنگ پر خصوصی توجہ دی اور نرسنگ سٹوڈنٹس کی تعداد ڈبل کی،اسلام آباد میں بھی نرسز کی تعداد میں اضافے کا پلان بنایا ہے۔ پاکستانی کوالیفائیڈ نرسز کو نیویارک بھجوانے کے لئے فوری ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ 

 محسن نقوی نے بتایا کہ میرے حالیہ دورہ نیویارک میں اسلام آباد پولیس اور نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ  کے درمیان  تعاون بڑھانے پر مثبت بات چیت ہوئی،اسلام آباد پولیس کا وفد جلد نیویارک کا دورہ کرے گا۔ باہمی تعاون مزید بڑھانے کے لئے نئے شعبوں کی نشاندہی کرکے فوری اقدامات کریں گے،اشتراک کار کے لئے ہر جگہ اور ہر سطح ہونے والے اقدامات کی خود مانیٹرنگ کروں گا۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات ہیں، جو کئی دہائیوں پر محیط ہے۔

وفد میں نیویارک اسمبلی کے ممبر ایلک کرانسے، امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کےچئیرمین ڈاکٹر اعجاز احمد،صدر نیویارک چیپٹر طارق خان،صدر امتیاز راہی، ڈائریکٹر ڈاکٹر پرویز اقبال، سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر اطہر ترمذی اور نائب صدر ٹیکساس ڈاکٹر خالد محمود شامل تھے۔

مزیدخبریں