عمران خان کی 9 مئی کے 3 مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

Jul 06, 2024 | 14:25:PM

(24نیوز)پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے 3 مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔

لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو جناح ہاؤس، عسکری ٹاور ،تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانتوں کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو 9 جولائی کو سنایا جائے گا۔

17 مئی کو ہونے والی سماعت کے دوران 3 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت میں توسیع کی تھی۔

خیال رہے کہ 10 مئی کو لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے 3 مقدمات میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی عبوری ضمانتوں کی درخواست پر آئندہ سماعت میں ویڈیو لنک کے ذریعے ان کی حاضری یقینی بنانے کے لیے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی تھی،اس سے قبل لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی سماعت پر وکلا کو دلائل کیلئے طلب کرلیا تھا۔

یاد رہے کہ 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔


 

مزیدخبریں