(اویس کیانی) صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے کہا کہ عدم استحکام پیدا کرنے اور بیرون ملک پاکستان کو بدنام کرنے والے عناصر کو جمہوریت سے کوئی دلچسپی نہیں ۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف کی سینٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر عرفان صدیقی سے آج مری میں ملاقات ہوئی ، سینیٹر عرفان صدیقی نے نواز شریف کو سینٹ میں پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی،ن لیگ کے صدرنوازشریف کا کہنا تھا کہ ملک کے اندر عدم استحکام پیدا کرنے اور ملک کے باہر پاکستان کو بدنام کرنے والے عناصر کو نہ جمہوریت سے کوئی دلچسپی ہے نہ عوام کے مسائل سے، یہ لوگ کسی بھی محاذ پر پاکستان کی کمزوری یا ناکامی کو اپنی سیاسی کامیابی خیال کرتے ہیں۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف نے عرفان صدیقی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 7 سال پہلے ملک نے مہنگائی، لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی جیسے مسائل پر قابو پا لیا تھا، آئی ایم ایف سے نجات حاصل کر لی گئی تھی، لیکن 2018 میں ملکی تباہی و بربادی اور ہر شعبے میں زوال کا جو سلسلہ شروع ہوا، اس نے عوام کے لیے سنگین مسائل پیدا کر دیئے جن پر قابو پانے کیلئے بہت وقت درکار ہے، 7 سال پہلے پاکستان نے جن مسائل پر قابو پا لیا تھا آج پھر سنگین شکل اختیار کر چکے ہیں لیکن انشاءاللہ مخلص اور محنتی قیادت اِن مشکلات پر قابو پا لے گی۔
نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرنے کیلئے مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں کی مکمل حمایت کی جانی چاہیے کیونکہ امن و امان کا گہرا تعلق سرمایہ کاری اور ترقی و خوشحالی سے ہے۔ اس سلسلے میں پارلیمنٹ کو توانا کردار ادا کرنا چاہیے۔