(اویس کیانی) سابق وزیراعظم پاکستان اور عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے آپریشن عزم استحکام کو لازمی قرار دے دیا۔
سرابراہ عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل نے 24 نیوز سے خصوصی گفتگو کی، سابق وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے دورانِ گفتگو کہا کہ ملکی سیکیورٹی فوج کے سپرد ہوتی ہے اسے سیاسی سپورٹ چاہیے ہوتی ہے، فوجی آپریشن کے حوالے سے سیاسی اتفاق رائے کروانا لازمی ہے، یہ آپریشن ضروری ہے، اگر فوج سمجھتی ہے اور حکومتیں کہ حالات بہت بگڑ گئے ہیں تو یہ سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 6 سال پہلے ہزاروں قربانیاں دے کر ہم نے یہ خرابیاں ختم کی تھیں تو اب کیا وجہ ہے کہ وہ خرابیاں دوبارہ پیدا ہوئی ہیں، مجھے اگر اے پی سی یا کسی اور پلیٹ فارم پر بلایا جاتا ہے تو میں لازمی جاؤں گا، جہاں ملک کی بات ہو آئین کے اندر ہو تو میں لازمی شرکت کروں گا۔
دوسری جانب سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے 24 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جماعت کسی دوسری جماعت میں ضم نہیں ہو سکتی، ہم ہر سیاسی حریف دوست سے بات کرنے کیلئے تیار ہیں، ہم ہر جماعت بشمول ن لیگ سے بات کریں گے، ہماری کسی سے دشمنی نہیں ہے، ہم پاکستانی ہیں، میری معاشی سوچ مسلم لیگ ن سے مختلف تھی اور ان کے ساتھ میری نہیں چلتی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کیخلاف اپیل، سپریم کورٹ سے اہم خبر آ گئی
مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ شاہد خاقان عباسی کی ن لیگ چھوڑنے کی وجہ یہ تھی کہ وہ ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کے ساتھ تھے اور ن لیگ والے فارم 47 کے ساتھ کھڑے ہیں۔