(24 نیوز) سندھ حکومت نے کورونا لاک ڈائون میں نرمی کرتے ہوئے اہم فیصلے کئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ ٹاسک فورس کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ٹاسک فورس کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیر سے کراچی سمیت سندھ بھر میں تمام مارکیٹس اور دکانیں رات 8 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی، مراد علی شاہ نے کہا کہ تمام دکانوں کے سٹاف کو ویکسین لازمی کرانا ہوگی، پندرہ روز بعد دکانوں کے سٹاف کے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹس چیک ہونگے۔
مراد علی شاہ نے اعلان کیا کہ آئوٹ ڈور ڈائننگ کی رات بارہ بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی، آئوٹ ڈور ڈائننگ پر لوگوں کے درمیان فاصلہ رکھنا لازمی ہوگا۔اس کے علاوہ سندھ حکومت نے دو ہفتے میں شادی ہالز کھولنے کا اعلان کیا ،وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ دو ہفتے کے بعد شادی ہالز، آئوٹ ڈور شادیوں کی اجازت ہوگی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اعلان کیا کہ سندھ حکومت نے ساحل سمندر، بیچ اور سی ویو کو کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سیلونز بھی ایس او پیز کے تحت کھولے جاسکتے ہیں۔
دوسری جانب وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کل سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا ہے، سعید غنی کی جانب سے ٹوئٹ کیا گیا کہ سندھ کرونا ٹاسک فورس نے کل 7 جون سے سندھ کے تعلیمی اداروں کو نویں اور اوپر کی جماعتوں کیلئے سخت ایس او پیز اور پچاس فیصد حاضری کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، تمام عملے کو کورونا ویکسین لگوانی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: ترقی کے سفر میں کسی کو حائل نہیں ہونے دیں گے:عثمان بزدار