وفاق سے بات کرکے لگتاہے بہروں سے بات کررہا ہوں۔۔ وزیراعلیٰ سندھ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہاکہ گزشتہ 7 سال سے صوبے کو وفاق کی جانب سے کوئی نئی اسکیم نہیں دی گئی اور جب وفاق سے بات کرو تو لگتا ہے بہرے لوگوں سے بات کررہا ہوں۔
اتوارکوایکسپو سینٹر ہال نمبر3میں کووڈ ویکسی نیشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے کہاکہ ہم بندشیں کھولنے کی طرف جارہے ہیں، ابھی یہ وبا گئی نہیں ہے یہ موجود ہے،احتیاط جاری رکھنی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ گزشتہ 7 سال میں سندھ کو کوئی اسکیم نہیں دی گئی، اور اس بار بھی بجٹ میں سندھ کو نظر انداز کیا جارہا ہے، خط میں لکھا ہے کہ وفاقی حکومت سندھ کے ساتھ تعصب برت رہی ہے، یہاں کے عوام کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے، وفاقی ترقیاتی منصوبوں میں سندھ کو نظر انداز کردیا گیا ہے، پنجاب کے سڑکوں کے منصوبوں کے لیے وفاق نے پیسے دیئے، ہمیں پنجاب اور خیبرپختون خوا بلوچستان میں ترقی پر خوشی ہے، لیکن سندھ کے ساتھ ایسا سلوک کیوں ہے۔
مرادعلی شاہ نے کہا کہ پانی کے معاملے کو اسمبلی میں لے کر گیا تھا تمام جماعتیں متفق تھی کہ سندھ سے زیادتی ہورہی ہے، لیکن حکومت کہہ رہی ہے پانی دیا جارہاہے آپ خود چوری کررہے ہیں، وزیراعظم سے کہا ہے یہاں ڈوپلیکیشن کا خطرہ ہے کیونکہ سندھ حکومت کواعتماد میں نہیں کیا جارہا، پرامن احتجاج کرنے والوں کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنیں گے۔اس سے قبل وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی کہ سندھ میں 380ویکسی نیشن سینٹرز ہیں، ان میں سے 115ویکسی نیشن سینٹرزکراچی میں کام کر رہے ہیں
، ایکسپو سینٹر کے ویکسی نیشن سینٹر میں ایک نئے ہال کا اضافہ کیا گیا ہے،ویکسی نیشن سینٹر میں اب دو ہالز میں ویکسین لگیں گی۔عذرا پیچوہو نے بتایا کہ نئے ہال کو تین بلاک میں تقسیم کیا گیا ہے، 24گھنٹے کے دوران 3شفٹ میں 170 ہیلتھ ورکرز کام کرینگے، گنجائش بڑھنے سے ہفتہ وار40ہزارسےزائد شہریوں کوویکسین لگ سکے گی، ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ ہر صوبے کیلئے موبائل ویکسی نیشن ٹیم بھی تشکیل دےرہے ہیں، 9123 پر عوام موبائل ٹیم سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں۔جسم فروشی ۔۔ بالی وڈ کی 2 اداکارائیں 5 مردوں سمیت گرفتار