باہر بیٹھے شخص کو واپس لائیں گے۔۔یہاں سے کسی کو جانے نہیں دینگے۔۔شہباز گل 

Jun 06, 2021 | 20:48:PM

 (24نیوز ) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)مکمل طور پر خاموش ہو چکی ہے، حکومت کو اس سے کوئی خطرہ نہیں، وزیراعظم عمران خان اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہر شخص کا بلا امتیاز احتساب ہو گا۔ باہر بیٹھے شخص کو واپس لانے کی کوشش کریں گے اور یہاں سے جانےوالے کو فرار نہیں ہونے دیا جائے گا، انہیں لوٹ مار کا حساب ہر صورت دینا ہی پڑے گا
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت ملکی خزانہ بہت برے حالات میں چھوڑ کر گئی تھی جس کی وجہ سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان کی اتنی بری معاشی حالت پہلے کبھی نہیں تھی جس طرح مسلم لیگ ن کی حکومت چھوڑ کر گئی تھی۔
 انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے دور میں برآمدات کا حجم کم رہا، 18 ارب ڈالر کے غیر ملکی ذخائر کم ہو کر 9 ارب ڈالر پر آ گئے، بجلی گھر 30 فیصد زیادہ رقم پر لگائے گئے، زیادہ قرضہ لینے سے ملک دیوالیہ ہونے کے قرےب پہنچ گیا۔
ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سنبھالی تو ملک کی معاشی حالت انتہائی ابتر تھی، وزیراعظم عمران خان کی انتھک محنت سے ملک کے معاشی حالات بتدریج بہتر ہو رہے ہیں، صنعت کا پہیہ چل پڑا ہے، ملکی برآمدات ساڑھے تیرہ فیصد سے بڑھ کر ساڑھے 21 فیصد تک پہنچ چکی ہیں، کنسٹرکشن کیلئے مزدور نہیں مل رہے، فیصل آباد میں مزدور کی تنخواہ تین گنا ہو چکی ہے، روزمرہ اشیاکی قیمتوں میں بھی کمی آ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے فصلوں کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، گندم اور کماد کی فصلیں بہترین ہوئی ہیں اور انشااللہ اگلے سال کماد کی فصل اس سے بھی بہتر ہو گی۔انہوں نے کہا کہ فصلوں کے بعد لائیو سٹاک پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں کیونکہ انسانوں کی بنیادی ضروریات لائیو سٹاک سے جڑی ہوئی ہیں، نوجوانوں کو کولڈ سٹوریج بنانے کیلئے قرضے دیئے جا رہے ہیں۔
 انہوں نے کہا کہ (ن)لیگ والے حکومت کی بہتر پالیسیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنانے سے باز نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ مئی میں 16 لاکھ 92 ہزار ٹن پٹرولیم مصنوعات کا استعمال ہوا جو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا نمبر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر معیشت بہتر نہیں جا رہی تو پھر اتنی بڑی مقدار میں پٹرولیم مصنوعات کون خرید رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن تنقید برائے تنقید کی بجائے حکومت کے مثبت کاموں کو بھی دیکھے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)مکمل خاموش ہو چکی ہے حالانکہ بجٹ قریب آنے پر اپوزیشن خوب شور شرابہ کرتی ہے، حکومتی نمائندوں کی طرف سے زیادہ پریس کانفرنسز ہو رہی ہیں جبکہ (ن)لیگ کی طرف سے مکمل خاموشی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)نے اپنے دور میں کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے اس پارٹی کے رہنماوں دانیال عزیز ،خرم دستگیر، تہمینہ دولتانہ نے زمینوں پر قبضے کئے، جاوید لطیف نے قبضہ کر کے اپنی ماں کے نام پر زمین لگا دی، فائزہ حمید کے شوہر نے زمینوں پر قبضہ کیا ، (ن) لیگ کی انہیں کرتوتوں کی وجہ سے آج یہ خاموش ہو چکی ہے۔
 شہباز گل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے جس نے بھی کرپشن کی ہے اسے احتساب کے عمل سے گزرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عوام کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات کوشاں ہیں اور انہیں آنےوالی نسلوں کی بھی فکر ہے، لاہور میں زیر زمین پانی کی سطح نیچے جانے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ نے اپنے دور میں انڈر پاسز اور فلائی اوور بنانے پر زیادہ توجہ دی جس کی وجہ سے بڑے شہروں میں ماحولیاتی آلودگی کا مسئلہ سر اٹھا رہا ہے، لاہور میں 13 فیصد زرعی زمین کنکریٹ میں بدل گئی درخت کم ہو گئے، دریائے راوی کو گندے پانی کا جوہڑ بنا دیا گیا جبکہ ہماری حکومت نے دریائے راوی کے کنارے نیا شہر آباد کرنے کا منصوبہ تشکیل دیا جس پر کام جاری ہے ،اس نئے شہر میں ڈیمز بنائے جائیں گے ، پانی کو صاف کیا جائے گا تاکہ لاہوریوں کو صاف پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کے پانچ بڑے شہروں میں 34 ملین آبادی رہتی ہے ان شہروں کے پھیلاوکو روکنے کیلئے ماسٹر پلان لیکر آ رہے ہیں۔
 انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے جو گند ڈالا تھا اسے صاف کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو موجودہ حکومت سے بہت سی توقعات ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے اڑھائی سال سخت محنت کی جس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
 یہ بھی پڑھیں۔سابق بوائے فرینڈ کی جا نب سے مذاق اڑائے جانے پر ہانیہ عامر کا کرارا جواب

مزیدخبریں