ویکسین لگوانے والوں کیلئے اچھی خبر، حکومت کا مختلف مراعات دینے پر غور

Jun 06, 2021 | 20:49:PM

(24 نیوز)پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ویکسین لگوانے والوں کو مختلف مراعات دینے پر غور کر رہے ہیں جبکہ 11 کروڑ کی آبادی والے صوبے میں کم از کم 50 فیصد لوگوں کو ویکسین لگنا ضروری ہے۔
وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے ایوان وزیراعلیٰ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کورونا مریضوں میں کمی آئی ہے،لاہور میں مثبت کیسز کی شرح ایک اعشاریہ تین اورپنجاب میں دو فیصد پر آگئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ 2 اضلاع خانیوال اور وہاڑی میں صورتحال ذرا پریشان کن ہے۔
ویکسین کے حوالے سے یاسمین راشدکا کہنا تھاکہ گزشتہ 24 گھنٹے میں ایک لاکھ 80 ہزار افراد کو ویکسین لگائی گئی، صوبے میں ویکسین کی کمی نہیں ہے جبکہ ویکسین لگوانے والوں کو مختلف مراعات دینے پر غور کر رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم سے متعلق صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو بہترین علاج معالجے کی سہولت دی جس کے باعث وہ بیرون ملک سفر کے قابل ہو ئے لیکن افسوس کہ اتنا عرصہ حکومت میں رہنے کے باوجود وہ ایسا ہسپتال نہیں بناسکے جہاں ان کا علاج ہو سکے۔
ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہاکہ آئندہ جمعے کو مساجد میں ویکسین پر خطبے ہوں گے، کورونا ایس او پیز اور پابندیاں برقرار ہیں، ہفتے اور اتوار کے دنوں میں مکمل لاک ڈائون کا سلسلہ برقرار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کے سربراہ اور وزیر کرپٹ ہوں تو ملک دیوالیہ ہوجاتا ہے۔۔عمران خان

مزیدخبریں