(24نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جاپان پاکستان کے قریبی دوستوں میں سے ایک ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے پرعزم ہیں ، جاپان پاکستان میں اہم منصوبوں میں معاونت کر رہا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق جاپانی سرمایہ کاروں سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ 90 کی دہائی تک پاکستان میں بہت سی جاپانی کمپنیز کام کررہی تھیں ۔ پاکستان جاپان سے تعلقات کو ایک بار پھر وسعت دینے کیلئے پرعزم ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ جاپان پاکستان کیلئے بڑے ڈونر ممالک میں شمار ہوتا ہے ۔ جاپان کی جانب سے پاکستان کو گزشتہ 7 دہائیوں میں 13 بلین ڈالرز کی خطیر رقم دی گئی، جاپانی قوم نے انتھک محنت اور لگن سے ترقی کی منازل حاصل کیں ۔
شہباز شریف نے کہا کہ 2016 میں سوزوکی کمپنی کے ساتھ مثبت مذاکرات ہوئے ، جاپان کی پاکستان میں گاڑیوں کی صنعت نے ہزاروں افراد کو روزگار فراہم کیا ،جاپان نے جس طرح پہلی جنگ کے بعد ترقی کی وہ قابل تعریف ہے ۔ جاپان نے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر پاکستان کی مدد کی ۔