عمران خان پر آرٹیکل 6لگایا جائے ، نور عالم خان کا مطالبہ

Jun 06, 2022 | 20:05:PM

(ویب ڈیسک)تحریک انصاف کے ناراض رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پرآرٹیکل 6لگانے کا مطالبہ کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے نور عالم خان نے کہا کہ عمران خان کیخلاف آرٹیکل 6 نہیں لگائیں گے تو فیڈریشن آف پاکستان کے خلاف آواز اٹھتی رہے گی۔ان کا کہناتھا کہ آئین کو جو پامال کرے اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے اگر کسی نے کوئی ایسی حرکت کی ہے تو اس پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔
 اس سے قبل پاک فوج کیخلاف بیان دینے اور پاکستان کے تین ٹکڑے کے بیان کو لیکر تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں مذمتی قرار داد پیش کی گئی ۔وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی ، صادق نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم نے نہ جانے کس کس کو سیکریٹس دے دئیے جو کہتے ہیں کہ پاکستان کے تین ٹکڑے ہوجائیں گے۔قرارداد میں عمران خان کے بیان کی شدید مذمت کی گئی ۔
قرار داد میںکہا گیا کہ عمران نیازی کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاک فوج کی دفاع کے لئے ناقابل تسخیر خدمات ہیں، پاک فوج نے دہشتگردی کے خلاف عظیم قربانیاں دیں جسے ایوان خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
قرار داد میں ایاز صادق نے کہا کہ عمران خان کو اقتدار کی ہوس اتنی زیادہ ہے کہ اتنی بڑی باتیں کرگئے کہ نقصان پاکستان کو پہنچے گا، ریاست سابق وزیراعظم کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرے۔
یہ بھی پڑھیں:سابق وزیراعظم عمران خان ایک اور مشکل میں پھنس گئے

مزیدخبریں