(24نیوز) وزیر اعظم شہبازشریف نے چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے چیئرمین سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان چین کی ترقی کے ماڈل سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے چیئرمین لو ژاؤہوئی کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں پائیدار دوستی اور مشترکہ ترقی، سٹریٹجک اعتماد اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پروزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیٹلائیٹ مشن سے پاک چین دوستی سرحدوں سے پار اب خلاؤں میں پہنچ چکی ہے، چیئرمین سی آئی ڈی سی اے آپ نے پاکستان میں بطور سفیر اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دیں، پاکستان میں مقیم چینی باشندوں کی سکیورٹی حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین کے ساتھ زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بلیو اکانومی، مواصلات، معدنیات و کان کنی ، دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے، پاکستان چین کی ترقی کے ماڈل سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم ایل کی اپ گریڈیشن کا منصوبے میں چینی سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں،سی آئی ڈی سی اے نے پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہارکیا۔