(امانت گشکوری)نیب ترامیم کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ترامیم کالعدم ہوئیں تو میرا نقصان ہوگا، میں جیل میں ہی ہوں ترمیم بحال ہونے سے میری آسانی تو ہو جائے گی ملک کا دیوالیہ ہو جائے گا۔
سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت ہوئی۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ نے مقدمے کی سماعت کی، جسٹس امین الدین، جسٹس جمال مندوخیل ،جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس حسن اظہر رضوی بنچ کا حصہ تھے۔
دوران سماعت جسٹس جمال مندوخیل نے بانی پی ٹی آئی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ جو کچھ آپ کیساتھ ہورہا ہے آپ اسے ٹھیک نہیں کریں گے،سیاست دان جیل میں جاکر زیادہ میچور ہوجاتے ہیں،بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ آپ نے کیا بات کی سوری سمجھ نہیں آئی،جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ میں نے کہا جیل جاکر سیاست دان زیادہ تجربہ لیتے ہیں،آپکو موقع ملے تو کیا آپ نیب کو ٹھیک نہیں کریں گے،سب لوگ آپ کی طرف اور سیاست دانوں کی طرف دیکھ رہے ہیں،
بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ نیب ترامیم صرف چند شخصیات کیلئے کی گئیں،اینتونیو گوتیرس نے اجلاس بلایا تھا کہ غریب ملک مزید غریب کیوں ہورہے ہیں،تمام ممالک کو رپورٹ بھیجی گئی تھی کہ پیسہ منی لانڈرنگ سے باہر بھیجا جاتا ہے،اربوں روپے منی لانڈرنگ سے بیرون ملک بھیجے جارہے ہیں،جسٹس امین الدین خان نے کہاکہ یہ سب حقائق ہیں مگر آپ نیب ترامیم کو خلاف آئین ثابت کریں،جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ خان صاحب ان ترامیم کو کالعدم کرنے کی کوئی وجہ نہیں تھی،آپ نے میرا نوٹ نہیں پڑھا شاید نیب سے متعلق آپ کے بیان کے بعد کیا باقی رہ گیاہے، جسٹس اطہر من اللہ نے بانی پی ٹی آئی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ کا نیب پر کیا اعتبار رہےگا؟ بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ میرے ساتھ 5 روز کے اندر فیصلے دیکر نیب نے جو کیا اس کے بعد کیا اعتبار ہوگا،28 سال قبل بھی نظام کا یہی حال تھا جس کے باعث سیاست میں آیا،غریب ملکوں کے سات ہزار ارب ڈالر باہر پڑے ہوئے ہیں اس کو روکنا ہوگا،میں اس وقت نیب کو بھگت رہا ہوں۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ کیا نیب ایسے ہی برقرار رہے گی،بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ نیب کو بہتر ہونا چاہئے کرپشن کیخلاف ایک خصوصی ادارے کی ضرورت ہے ، جسٹس اطہر من اللہ نے بانی پی ٹی آئی کو چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تعیناتی کا معاملہ یاد کرا دیا،بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ میں جیل میں ہی ہوں ترمیم بحال ہونے سے میری آسانی تو ہو جائے گی ملک کا دیوالیہ ہو جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: گزشتہ سماعت پر کونسی سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی ؟ عمران خان نے چیف جسٹس سے وضاحت مانگ لی