ن لیگ کی پریس کانفرنس پر پی ٹی آئی کارکنوں کا دھاوا،رہنماؤں پرتشدد،احسن اقبال کو جوتا ماردیا

Mar 06, 2021 | 12:24:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) اسلام آباد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی جانب سے پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی کارکنوں دھاوا،،، سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی،مصدق ملک اور مریم اورنگزیب سمیت دیگر رہنماؤں  کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا،مشعل کارکنوں نے لیگی رہنماؤں کا گھیراؤ کرکے نعرے بازی بھی کی ،احسن اقبال پر جوتا بھی پھینکا گیا۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، احسن اقبال اور دیگر  کی جانب سے اسلام آباد میں میڈیا ٹاک کی جارہی تھی  کہ اس دوران تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد ریڈ زون میں گھس گئی۔پی ٹی آئی کارکنان نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس میں وزیراعظم عمران خان کےحق میں اور (ن) لیگ کے رہنماؤں کے خلاف نعرے درج تھے۔پی ٹی آئی کارکنان نے اس دوران شدید نعرے بازی کی جس سے لیگی رہنماؤں کو میڈیا سے گفتگو میں شدید مشکلات کا سامنا رہا اور کان پڑی آواز سنائی نہیں دی۔

میڈیا سے گفتگو کے بعد بھی پی ٹی آئی اور (ن) لیگ کے کارکن آمنے سامنے آئے جب کہ لیگی حامیوں نے اپنے رہنماؤں کو حفاظتی حصار میں لے لیا۔پی ٹی آئی کارکنان اور (ن) لیگ کے رہنماؤں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی اور اس دوران مریم اورنگزیب کو دھکے دئیے گئے جس پر لیگی رہنما مصدق ملک اور شاہد خاقان عباسی بھی پی ٹی آئی کارکنوں سے دست و گریباں ہوگئے اس موقع پر چند پولیس اہلکار خاموش تماشائی بنے رہے۔

اس موقع پر (ن) لیگ کے رہنما احسن اقبال اونچی جگہ پر کھڑے ہوکر حکومت مخالف نعرے بازی کی اس دوران پی ٹی آئی کارکن کی جانب سے لیگی رہنما کی جانب جوتا اچھالا گیا جو ان کے سر پر لگا۔

بعدازاں احسن اقبال،مصدق ملک اور مریم اورنگزیب کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ سب غنڈے عمران خان کے ہیں، ہم مسلم لیگ (ن) کے شیر ہیں ان سے ڈرنے والے نہیں۔ہم پانچ شیروں نے آج 500 کے جتھے کو بھگادیا،اسی طرح ہم حکومت کا ہرمیدان میں بھرپور مقابلہ کریں گے۔