(24نیوز)چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر شہریار آفریدی نے کہا کہ وزیراعظم نے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا ۔آج حق اور سچ کی جیت کا دن ہے۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ سینٹ الیکشن میں حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کی شکست کے بعد اپوزیشن کی جانب سے کہا جا رہا تھا کہ وزیراعظم ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں لہذا وزیراعظم عمران خان نے ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔ آج مخالفین کی تمام سازشیں ناکام ہو گئیں ۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے عمران خان کو اتنا نوازا ہے کہ ڈر اور خوف ان کے پاس سے نہیں گزرتا۔
خیال رہے کہ 3 مارچ کو ہونے والے سینٹ انتخابات میں تحریک انصاف اور اتحادیوں سمیت 16 ارکان نے یا تو مخالف امیدوار یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دیا تھا یا پھر ان کا ووٹ مسترد ہو گیا تھا جو حفیظ شیخ کی شکست کی وجہ بنی۔