(ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما، رکن قومی اسمبلی اور ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین نے کہا ہے کہ انہوں نے ابھی تک رمضان ٹرانسمیشن کرنے کا فیصلہ نہیں کیا، ایک بین الاقوامی اینی میٹڈ فلم کررہا ہوں جس کی ڈبنگ کی تاریخیں اپریل میں ہیں۔ چیزیں ابھی عمل میں ہیں، اسلیے افواہوں سے گریز کریں۔
دو روز قبل پاکستان کے مشہور فیشن میگزین نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر خبر شیئر کی تھی کہ رواں سال عامر لیاقت حسین اپنی تیسری بیوی دانیہ شاہ کے ہمراہ رمضان ٹرانسمیشن کریں گے،عامر لیاقت حسین نے بھی یہ خبر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کرائی تھی جس سے ظاہر ہورہا تھا کہ رکن قومی اسمبلی اس بار اپنی نئی بیوی کے ہمراہ رمضان ٹرانسمیشن کریں گے۔ تاہم گزشتہ روز عامر لیاقت نے دانیہ شاہ کے ہمراہ رمضان ٹرانسمیشن کرنے کی تردید کردی۔
عامر لیاقت نے اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر دانیہ شاہ کے ہمراہ رمضان شو کرنے کی خبر کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا وہ دانیہ شاہ مکمل طور پر گھریلو خاتون ہے اور کوئی ٹرانسمیشن نہیں کریں گی ہاں وہ میرے ساتھ سیٹ پر ہوں گی لیکن سکرین پر نہیں۔
خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل عامر لیاقت نے ایک میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں دانیہ شاہ کو رمضان ٹرانسمیشن میں اپنے ساتھ لے کر آؤں گا اور اسے شوبز میں بھی متعارف کرواؤں گا۔ سوشل میڈیا پر عامر لیاقت کی دانیہ شاہ کے ہمراہ رمضان ٹرانسمیشن کی خبر پر بہت زیادہ تنقید کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: سلمان خان کی معروف اداکارہ سے خفیہ شادی؟ تصویر وائرل۔حقیقت سامنے آگئی