(24 نیوز)سینئر اداکار قوی خان کینیڈا میں انتقال کرگئے،وزیراعظم شہباز شریف نے نامور فنکار قوی خان کے انتقال پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اداکار قوی خان کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اورعلاج کے باعث کینیڈا میں بچوں کے پاس مقیم تھے، جہاں وہ خالق حقیقی سے جاملے،قوی خان کا انتقال 80 سال کی عمر میں ہوا ۔
قوی خان 1942 میں پشاور میں پیدا ہوئے تھے،انہوں نے ریڈیو ، ٹی وی ، فلم پر کام کیا ،انہیں شاندار کارکردگی پر پرائیڈ آف پرفارمنس ، نگار ایوارڈ اور ستارہ امتیاز سے نوازا گیا تھا۔
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے معروف سینئر اداکار قوی خان کا کینڈا میں انتقال ہو گیاہے،قوی خان طبیعت کی ناسازی کے باعث علاج کی غرض سے کینڈا گئے ہوئے تھے
اداکارہ بہروز سبزواری نے کہاکہ قوی خان کینیڈا میں تھے چند روز سے علیل تھے،میری قوی خان کے بیٹے عدنان سے بات ہوئی انہوں نے انتقال کی تصدیق کی، بہروز سبزواری کاکہناتھا کہ تدفین کے حوالے سے تاحال کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ کہاں ہو گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نامور فنکار محمد قوی خان کے انتقال پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے،وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہاہے کہ محمد قوی خان نے فلم، ٹی وی، سٹیج اور ریڈیو پر اپنے فن کا لوہا منوایا اور بھرپور داد پائی ،تمغہ حسن کارکردگی اور ستارہ امتیاز کے اعزازات قوی خان کی فنکارانہ صلاحیتوں کا ریاستی سطح پر اعتراف ہے، وزیراعظم نے کہاکہ قوی خان نے ریڈیو پشاور پر چائلڈ ایکٹر کے طور پر کام شروع کیا جو ان کے فطری ٹیلنٹ کا ثبوت ہے، لاکھوں میں تین اور اندھیرا اجالا میں ان کی اداکاری عوام کے ذہنوں میں آج بھی زندہ ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کاکہناتھا کہ ان کی وفات پاکستان کے فن کے شعبے کا ناقابل تلافی نقصان ہے ،اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ آمین۔
یہ بھی پڑھیں: عید پر سرکاری ملازمین کو کتنی چھٹیاں ہونگی؟ بڑی خبر آگئی