قوی خان کون تھے؟

Mar 06, 2023 | 10:23:AM

(ویب ڈیسک)شوبز کا چمکتا،دمکتا ستارہ  قوی خان ڈوب گیا ،ایک ایسا ستارہ جس نےجو کردار کیا اسے خوب نبھایا ،اداکاری کے ایسے جوہر دکھائے کہ دنیا صدیوں یاد رکھے گی۔قوی خان کون تھے؟

محمد قوی خان 15 نومبر 1942 کو پشاور میں پیدا ہوئے،پشاور میں پیدا ہونے والے محمد قوی خان نے اپنے کیریئر کا آغاز ریڈیو پاکستان پشاور سے بطور ڈرامہ آرٹسٹ کیا تھا جس کے بعد وہ لاہور چلے گئے اور پی ٹی وی کے ساتھ اس کے ابتدائی دور یعنی 1964 سے ہی وابستہ ہو گئے جہاں انھوں نے نے پی ٹی وی لاہور کے پہلے ڈرامے ’نظرانہ‘ میں بھی بطور ہیرو پرفارم کیا۔

ضرور پڑھیں :سینئر اداکار قوی خان کینیڈا میں انتقال کرگئے, وزیراعظم کا اظہار افسوس

ایک انٹرویو میں قوی خان نے خود بتایا تھا کہ میں نوکری کے ساتھ ساتھ ریڈیو اور ٹی وی کیلئے کام کرتا تھا ، ایک عرصے تک تو یہ چھپن چھپائی جاری رہی لیکن یہ کب تک چھپ سکتا تھا ،کہتے ہیں کہ کمپنی والوں نے مجھے خود ہی کہہ دیا کہ آپ ایک کام کرسکتے ہیں  تو میں نے اداکاری کا انتخاب کیا اور پھر پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا ۔


محمد قوی خان کے کریڈٹ پر بے شمار ڈرامے اور فلمیں ہیں جو نہ صرف اس دور بلکہ آج تک بھی ڈراموں دیکھنے کے شوقین افراد میں مقبول ہیں۔پی ٹی وی پر نشر ہونے والے ان کے ڈرامے ’اندھیرا اُجالا‘ اور ’دن‘ لوگوں کے دل و دماغ پر ایسے ان مٹ نقش چھوڑ گئے جس کے نشان آج بھی تازہ ہیں۔

لیجنڈ اداکار محمد قوی خان فن کی دنیا میں درس گاہ کا درجہ رکھتے ہیں، فنی زندگی میں بے شمار یادگار کردار ادا کیے،اداکاری پر حقیقت کا گماں ہوتا ،کردار کے سانچے میں ڈھل جانا محمد قومی خان کا خاصا رہا،بڑھاپے میں محمد قوی خان نے تصوف اورروحانیت پر مبنی کرداربھی خوب نبھائے۔


قومی خان کے  مشہور ڈراموں میں فشار، لاہوری گیٹ، من چلے، پھر چاند پہ دستک، در شہوار، بیٹیاں، داستانہ، اور الف اللہ اور انسان شامل ہیں۔’تم کون پیا ‘ بھی معروف ڈراموں میں سے ایک ہے،حال ہی میں انہوں نے ’عشق جلیبی‘میں باؤ جی کا کردار نبھایا۔

انہوں نے فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے،ان  کی مشہور فلموں ’ محبت زندگی ہے‘ سوسائٹی گرل، چن سورج، سرفروش، کالے چور، زمین آسمان، رانگ نمبر، مہر النساء اور پری شامل ہیں۔

محمد قوی خان پہلے اداکار ہیں جنہیں صدارتی تمغۂ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا،انڈسٹری میں اپنی لازوال خدمات کے عوض انہیں ستارہ امتیاز، لائف ٹائم ایچومنٹ ایوارڈ، تین نگار ایوارڈز سمیت کئی قومی اور بین الاقوامی ایوارڈز اور اعزازات سے نوازا گیا۔

ان کے ساتھی اداکار کہتے ہیں کہ وہ ایک بہترین اداکار ہی نہیں ایک بہترین اور خود دار انسان بھی تھے۔قوی خان نے شو بز انڈسٹری میں اپنی شاندار اداکاری سے یادوں کاجو قیمتی اثاثہ چھوڑا ہے وہ ان کے چاہنے والوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔

مزیدخبریں